اسلام آباد: انتخابی اصلاحات کمیٹی نے الیکشن کمیشن کو مکمل مالی خود مختاری دینے کی منظوری دے دی جب کہ کمیٹی نے بائیو میٹرک سسٹم پر الیکشن کمیشن سے حتمی رائے بھی مانگ لی ہے۔
انتخابی اصلاحات کمیٹی کے سربراہ زاہد حامد کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں نادرا حکام نے کمیٹی کے ممبران کو بائیو میٹرک اور الیکٹرانک ووٹنگ پر بریفنگ دی جب کہ مبینہ انتخاتی دھاندلی کی تحقیقات کرنے والے انکوائری کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں خامیوں، کوتاہیوں کو دور کرنے کے لیے اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔ انتخابی اصلاحات کمیٹی نے الیکشن کمیشن کو مالی خود مختاری دیتے ہوئے بائیو میٹرک سسٹم پر حتمی رائے مانگ لی ہے جب کہ انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی کل نئے قانون کے مسودے کی شق وار منظوری شروع کرے گی۔
دوسری جانب زاہد حامد کا کہنا تھا کہ نادرا نے نظام متعارف کرانے کے لیے 3 تجاویز دی ہیں اور نادرا کا مؤقف ہے کہ بائیو میٹرک نطام کے لیے اسے اپنا سسٹم بھی اپ گریڈ کرنا ہوگا جب کہ بائیو میٹرک مشینوں کے لیے 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر درکار ہیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours