ناٹنگھم: انگلینڈ کے خلاف چوتھے ایشز ٹیسٹ میں براڈ کی تباہ کن باؤلنگ کے بعد آسٹریلین ٹیم کے صرف 60 رنز پر ڈھیر ہونے پر جہاں ناقدین نے کینگروز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا وہیں سٹے بازوں نے بھی فوراً ہار مان لی ہے۔

انگلینڈ کے خلاف ناٹنگھم میں براڈ نے آٹھ وکٹیں لے کر آسٹریلین ٹیم کو صرف 19 اوورز کی تکمیل سے قبل ہی صرف 60 رنز پر ڈھیر کردیا۔

آسٹریلین ٹیم کے کھانے سے وقفے سے قبل ہی سمٹنے کے بعد سٹے بازوں نے بھی ہار مانتے ہوئے ان کی میچ میں شکست کو تسلیم کرتے ہوئے انگلینڈ کی فتح پر پیشہ لگانے والوں کو پہلے ہی دن رقم کی ادائیگی کردی۔

بک میکرز کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم کی اس شاندار کارکردگی کے بعد آسٹریلیا کی شکست یقینی اور ان کی میچ میں واپسی کا 99 فیصد تک کوئی امکان نہیں۔

ایک کمپنی کے ترجمان نے کہا کہ ہم نے سفید جھنڈے لہرا دیئے ہیں اور آسٹریلین ٹیم کے کھانے کے وقفے سے قبل پویلین لوٹ جانے کے بعد ہم نے انگلینڈ کے ہیروز پر پیسہ لگانے والوں کو رقم کی ادائیگی کردی ہے۔

ادھر سابق عظیم کرکٹرز نے آسٹریلین ٹیم کی اس بدترین کارکردگی کا ذمے دار تکنیکی کمزوریوں، ذہنی سوچ اور محدود اوورز کرکٹ کی بہتات کو قرار دیا ہے۔

سابق عظیم لیگ اسپنر شین وارن نے محدود اوورز کی کرکٹ کی بڑھتی ہوئی تعداد کو ایک وجہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ آخری بار ہم نے ایک حقیقی ٹیسٹ میچ کب دیکھا تھا جو آخری لمحات تک سنسنی خیز رہا ہو جہاں بلے بازوں نے اپنی تکنیکی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے باؤلرز کیلئے مشکلات کھڑی کرنے کی کوشش کی ہو۔

انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ بہت تیزی سے متعدد بار ہو چکا ہے۔ یہ انگلینڈ کے ساتھ لارڈز میں ہوا جب وہ لارڈز میں صرف 30 اوورز میں آؤٹ ہو گئے تھے۔

ٹیسٹ کرکٹ میں 708 وکٹیں لینے والے وارن نے انگلش باؤلنگ کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آسٹریلین کی خراب تکنیک سے پردہ اٹھا دیا۔

سابق آسٹریلین کپتان رکی پونٹنگ نے بھی آسٹریلین ٹیم کی بدترین بیٹنگ پر برستے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کو معلوم ہی نہیں تھا کہ وہ کیا شاٹ کھیلنا چاہ رہے ہیں۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours