پاکستان کے مایہ ناز آف اسپنر سعید اجمل کو انگلش کاﺅنٹی وورسسٹر شائر کے اسکواڈ سے ڈراپ ہونے کا سامنا ضرور ہے مگر وہ قومی ٹیم میں دوبارہ واپسی کی امید سے دستبردار نہیں ہوئے۔
37 سالہ سعید اجمل کو غیر قانونی ایکشن کے باعث چھ ماہ کی پابندی کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی پر سابقہ فارم کے حصول میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اپریل میں بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز میں اچھی کارکردگی نہ دکھا پانے پر سعید اجمل پر سلیکٹرز کا اعتماد ختم ہوگیا تھا۔
جس کے بعد انہوں نے فارم کے حصول کے لیے انگلینڈ میں کاﺅنٹی کرکٹ کھیلنے کے لیے وورسسٹرشائر کا انتخاب کیا مگر انہیں سیزن کے اختتام سے دو میچز قبل اسے خیرباد کہنا پڑا۔
ایک ویب سائٹ کو انٹرویو کے دوران سعید اجمل کا کہنا تھا " میرے کاﺅنٹی کنٹریکٹ کا قبل ازوقت خاتمہ نہیں ہوا جیسا میڈیا میں آرہا ہے، درحقیقت میرا ورکشائر سے کنٹریکٹ (جس پر فروری میں دستخط ہوئے) چار ستمبر تک تھا، اگلے ہفتے پاکستان آنے کے بعد میں حج کے لیے روانہ ہوجاﺅں گا"۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں یہ خبر آئی تھی کہ انگلش کاؤنٹی وورسسٹر شائر نے مایہ ناز پاکستانی آﷺف اسپنر سعید اجمل کو اپنے اسکواڈ سے ڈراپ کر کے ویسٹ انڈین باؤلر شینن گیبریئل کو طلب کر لیا ہے جس سے اسپنر کی انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کو شدید دھچکا پہنچا ۔
سعید اجمل کا کہنا تھا " وورسسٹر شائر چاہتی تھی کہ میں اس کے لیے پورا سیزن کھیلوں مگر میں نے کنٹریکٹ پر دستخط سے پہلے ہی فیصلہ اور کاﺅنٹی ٹیم کو بتایا دیا تھا کہ میں پورا سیزن نہیں کھیل سکوں گا اور اس سے پہلے پاکستان لوٹ آﺅں گا"۔
سعید اجمل نے کاﺅنٹی چیمپئن شپ میں 48.50 کی اوسط سے 16 وکٹیں لیں جو کہ ان کی سابقہ کارکردگی کے پیش نظر زیادہ بہترین نظر نہیں آتیں مگر وہ پرامید ہیں کہ وہ ایک بار پھر پاکستان ٹیم میں واپس آسکیں گے جہاں یاسر شاہ اور ذوالفقار بابر فرسٹ چوائس اسپنرز کی شکل میں ابھرے ہیں۔
ان کا کہنا تھا " میں پراعتماد ہوں کہ میں ملکی ٹیم میں واپس آکر اپنے ناقدین کو غلط ثابت کرسکوں گا"۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours