لاہور : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے 4 اکتوبر کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے دھرنے کا اعلان کرتے ہوئے کارکنوں کو وہاں پہنچنے کی ہدایت کردی۔
عمران خان نے لاہور میں پی ٹی آئی کے اہم اجلاس کی صدارت کی جس میں لاہور کی سطح پرپارٹی کو فعال بنانے اوراین اے ایک سو بائیس ، ایک سو پچیس اور ایک سو چون میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے امور زیر بحث رہے، جس کے بعد کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کارکن چار اکتوبر کو الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج کے لیے تیاری کرلیں اگر الیکشن کمیشن کے اراکین نے استعفے نہ دیئے تو چار اکتوبر کو آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کروں گا۔
اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ این اے 154 سے جہانگیر ترین جبکہ این اے 122 سے علیم خان ضمنی انتخابات میں حصہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اب کی بار انتخابات میں ہر پولنگ اسٹیشن پر کیمرے لگائیں گے اور کسی کو بھی دھاندلی نہیں کرنے دیں گے، اگر کسی نے دھاندلی کی تو اسے پولنگ اسٹیشن پر پکڑیں گے۔
عمران خان نے لاہور سے وزیراعظم نواز شریف کو اپنے مقابلے میں الیکشن لڑنے اور وزیر دفاع خواجہ آصف کے حلقے میں حکومت کی جانب سے انتخابات کے اعلان کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔
اپنے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے لوگوں کو یاد کراناچاہتا ہیں کہ ہم دھرنا دینے کیوں نکلے تھے، ہم نے حکومت سے 4 حلقے کھولنے کا کہا تھا جس کے لیے ہم ہر دروازے پر گئے مگر کہیں شنوائی نہیں ہوئی۔
ان کا کہنا تھا کہ میچ فکسنگ میں سب سے زیادہ الیکشن کمیشن ملوث تھا،سب نے مل کر میچ فکس کیا، انصاف کیلیے الیکشن ٹریبونل گئے جس کا فیصلہ ڈھائی سال بعد آیا۔
عمران خان نے کہا کہ موجودہ سسٹم مجرموں کے ساتھ کھڑا ہے، جبکہ ہم نے پختونخوا میں دھاندلی کے الزام پر دوبارہ الیکشن کا کہا۔
انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کا حلقہ کھلنے پر وہ نتیجہ آئے گاجو 3 حلقوں کا آیا۔
اس سے قبل 23 اگست کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے چاروں ارکان فوری طور پر مستعفی ہوجائیں، ان کے پاس اپنے منصب پر رہنے کا اخلاقی جواز نہیں رہا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے خبردار کیا کہ اگر الیکشن کمیشن نے ہمیں مطمئن نہ کیا تو ہم سڑکوں پر نکلنے کیلئے مجبور ہوں گے۔
عمران خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن ارکان کے خلاف فوجداری کے مقدمات قائم کئے جائیں۔
اس موقع پر انہوں نے چیئرمین نادرا سے بھی مستعفیٰ ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دھاندلی کی پردہ پوشی کی کوشش کی۔
عمران خان کے مطابق این اے 122کا نتیجہ وہی ہے جو این اے 125کا آیا تھا جبکہ حلقہ این اے 122 پر تحریک انصاف کا امیدوار لڑے گا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours