کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز کیلئے ڈیل اسٹین اور اے بی ڈی ویلیئرز کو ٹیم میں شامل کرتے ہوئے دورہ بنگلہ دیش میں خراب فارم پر نوجوان کوئنٹن ڈی کوک کو اسکواڈ سے ڈراپ کردیا ہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم دورہ جنوبی افریقہ میں 19 سے 26 اگست تک تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے بعد دو ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گی۔

بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں آرام کا موقع دیے جانے کے بعد ڈیل اسٹین اور ورنن فلینڈر کی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے جبکہ بچے کی پیدائش کے باعث چھٹیوں پر جانے والے ایک روزہ ٹیم کے قائد ڈی ویلیئرز کا ساتھ بھی میزبان ٹیم کو حاصل ہو گا۔

لیکن ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوران جنوبی افریقہ کو جین پال ڈومینی اور مورنے مورکل کا ساتھ حاصل نہیں ہو گا کیونکہ دونوں کے ہاں پہلے بچے کی پیدائش متوقع ہے۔

دورہ بنگہ دیش میں خراب کارکردگی کا خمیازہ ڈی کوک کو اسکواڈ سے ڈراپ ہونے کی صورت میں بھگتنا پڑا اور انہیں فارم کی بحالی کیلئے جنوبی افریقی اے ٹیم کے ساتھ دورہ ہندوستان پر بھیجا جائے گا۔

ان کی جگہ 36 سالہ مورنے وین وائیک کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے جنہوں نے اپنا آخری ایک روزہ میچ 2011 میں کھیلا تھا لیکن وہ اس سال جنوری میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی میچ میں ٹیم کا حصہ تھے۔

اسی طرح عمران طاہر کو ایک روزہ میچوں میں ٹیم کے ساتھ رکھا گیا ہے لیکن ٹی ٹوئنٹی میں بنگلہ دیش کے خلاف متاثر کن ڈیبیو کرنے والے ایڈی لی کو ان پر فوقیت دی گئی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ 14 اگست کو ڈربن میں ہو گا جبکہ دو دن بعد دوسرا ٹی ٹوئنٹی پریٹوریا میں کھیلا جائے گا۔

دونوں فارمیٹ کیلئے جنوبی افریقی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

ایک روزہ ٹیم: اے بی ڈی ویلیئرز(کپتان)، مورنے وین وائیک، ہاشم آملا، فف ڈیو پلیسی، فرحان بہارڈین، ڈیوڈ ملر، رلی روسو، کگیسو ربادا، کائل ایبٹ، آرون فنگیسو، عمران طاہر، ڈیل اسٹین، ڈیوڈ ویز اور ورن فلینڈ۔

ٹی ٹوئنٹی: فف ڈیو پلیسی(کپتان)، ہاشم آملا، مورنے وین وائیک، اے بی ڈیلیئرز، فرحان بہارڈین، ڈیوڈ ملر، جے پی ڈومینی، رلی روسو، کگیسو ربادا، کائل ایبٹ، آرون فنگیسو، ایڈی لی، مورنے مورکل اور ڈیوڈ ویز۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours