لاہور: پولیس ذرائع کے مطابق لاہور سے بھارتی خفیہ ایجنسی را کے ایجنٹ کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ملزم کا خفیہ نام پرویز اور اصل نام محمد الیاس ہے۔ بھارتی خفیہ ایجنسی کا ایجنٹ پنجاب پولیس کا اہلکار ہے۔ دوران تفتیش ملزم سے اہم تنصیبات کے نقشے، تصاویراور دیگر اہم مواد برامد کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ موبائل سمز کے ذریعے بھارتی ایجنسی را کے آفیسرز پاکستان میں نیٹ ورک چلا رہے ہیں جبکہ پنجاب میں دیگر گروپ بھی سرگرم ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار ایجنٹ کی عمر 35 سال کے لگ بھگ ہے جو بیس سے زائد مرتبہ غیر قانونی طور پر بھارت بھی جا چکا ہے۔ ملزم کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ ملزم پرویز کو واہگہ کے سرحدی گائوں سے گرفتار کیا گیا۔
دوسری جانب راولپنڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 2 بھارتی باشندوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق بھارتی باشندے پولیس کو آگاہ کئے بغیر ہوٹل میں رہائش پذیر تھے۔ ملزمان اشرف اور رفیق وانی کو تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے ہوٹل مینجر کو بھی گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours