لاہور: لاہور کی مقامی عدالت نے لولی وڈ اداکارہ میرا کے خلاف نکاح پر نکاح کیس کے مدعی اور اداکارہ کے سابق شوہر عتیق الرحمٰن کو آئندہ پیشی پر طلب کرتے ہوئے میرا کے دوسرے مبینہ شوہر کیپٹن نوید کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں، جبکہ کیس کی سماعت 31 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ میرا کے سابق شوہر عتیق الرحمٰن نے اداکارہ کے خلاف نکاح پر نکاح کرنے کا مقدمہ دائر کررکھا ہے، ان کا موقف ہے کہ میرا نے ان کے نکاح میں ہونے کے باوجود کپتان نوید کے ساتھ شادی کی۔
کینٹ کچہری میں مذکورہ کیس کی سماعت کے بعد ایڈووکیٹ ملک شیر کھوسہ اور ساتھی وکلاء کے ساتھ میڈیا سے بات کرتے ہوئے اداکارہ میرا نے اپنے سابق شوہر کی جانب سے دائر کیے گئے نکاح پر نکاح کے کیس کو 'جھوٹا' اور 'بے بنیاد' قرار دیا.
اس موقع پر میرا کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کی موکلہ پر دائر کیے گئے مقدمے کے جھوٹے اور بے بنیاد ہونے کا سب سے بڑا ثبوت یہ ہے کہ آج کیس کی سماعت کے لیے نہ تو مدعی اور نہ ہی اُن کے وکیل پیش ہوئے.
میرا کے وکیل نے میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے عدالت سے استدعا کی کہ جب مدعی اور وکیل عدالت میں حاضر نہ ہوں تو عدالت ملزمہ کو بری کرکے کیس کو خارج کرنے کا پورا اختیار رکھتی ہے تاہم عدالت نے قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے مدعی کو ایک موقع فراہم کیا اور اگلی پیشی پر ہر حال میں مدعی عتیق الرحمٰن کو پیش ہونے کا حکم دے دیا.
اس موقع پر میرا کا کہنا تھا کہ عدالت جب بھی طلب کرے گی وہ ضرور حاضر ہوں گی، "میں عدالتوں کا احترام کرتی ہوں اور ارضِ پاک سے بہت محبت کرتی ہوں."
ان کا کہنا تھا "مجھے پاکستان کے قانون اور عدالتی نظام پر مکمل بھروسہ ہے".
میرا کا مزید کہنا تھا کہ وہ اپنی مصروفیات میں سے عدالت کے لیے ٹائم نکالتی ہیں، "مجھے یہاں آکر بہت خوشی ہوتی ہے".
میڈیا بریفنگ کے دوران میرا کافی خوش نظر آرہی تھیں، جب اداکارہ سے اُن کی خوشی کی وجہ پوچھی گئی تو ان کا کہنا تھا، "میں اپنی زندگی سے بہت خوش اور مطمئن ہوں، اس لیے میرے چہرے سے خوشی جھلکتی ہے."
Post A Comment:
0 comments so far,add yours