نئی دہلی: بھارتی پنجاب کے ضلع گورداس پور میں مسلح افراد کے پولیس اسٹیشن پر حملے کے نتیجے میں 5 اہلکاروں سمیت 8 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ جوابی فائرنگ کے تبادلے میں 3 حملہ آور بھی مارے گئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے ضلع گورداس پور میں مسلح افراد نے پولیس چوکی پرحملہ کردیا جس کے نتیجے میں 3 اہلکار موقع پر ہلاک ہوگئے جب کہ دوطرفہ فائرنگ کے تبالے میں 3 شہری بھی مارے گئے، فائرنگ کے تبادلے کے فوری بعد این ایس جیز کمانڈوز موقع پر پہنچ گئے جس کے بعد کئی گھنٹے تک دوطرفہ فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔ مقامی میڈیا کے مطابق حملہ آور فوجی وردی میں ملبوس تھے جنہوں نے پولیس اسٹیشن میں داخل ہوتے ہی اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایس پی گورداس پور سمیت 5 اہلکار ہلاک ہوگئے جب کہ کمانڈوز نے کئی گھنٹے کے آپریشن کے بعد 3 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔
دوسری جانب بھارتی حکام نے پولیس چوکی پر حملے کے فوری بعد ملک بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی جب کہ پاک بھارت سرحد پر بھی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ پاکستان کی جانب سے بھارت میں دہشت گردی کے حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours