عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہاہے کہ عمران خان کا جوڈیشل کمیشن بنوانے کا فیصلہ درست نہیں تھا۔ حکومت کو اس فیصلے سے جواز مل گیا پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ کمیشن حکومت کو کلین چٹ دیدے گا۔ کہتے ہیں عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی۔
عوامی تحریک کےمرکزی سیکرٹریٹ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں قائد ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کے وقت ہی کہہ دیا تھا کہ اس کمیشن کے ذریعے دھاندلی پر مبنی حکومت کو کلین چٹ دیدی جائے گی۔ عمران خان کو عوامی تحریک کے ایک وفد نے ملاقات کر کے کمیشن کی تشکیل کا مطالبہ نہ کرنے کا مشورہ دیا تھا۔
طاہر القادری کا کہنا تھا کہ تین دن کی اعلٰی سطح کی مشاورت کے بعد پارٹی کی بارہ رکنی مرکزی کور کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جبکہ مرکزی عہدیدار بدستور کام کرتے رہیں گے نتائج کچھ بھی ہوں عوامی تحریک بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی ۔ حکومت کے حق میں فیصلہ آئے تو رپورٹ فوری شائع ہو جاتی ہے مگر کوئی حکومت سے یہ بھی تو پوچھے کہ آخر سانحہ ماڈل ٹاون کی رپورٹ شائع کیوں نہیں کی جا رہی۔ عوامی تحریک کے قائد نے کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے نتیجے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ہر گھر میں ایک ملازمت دینے کا مطالبہ کیا جبکہ انہوں نے مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کی تجویز کو مسترد کر دیا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours