دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ وہ دیگر ممالک کو دورہ پاکستان کے لیے آمادہ کرنے کو کوشش کریں گے جب کہ انہیں امید ہے کہ سری پاکستان کا دورہ کرے گی۔
سابق پاکستانی کپتان اور ایشین بریڈ مین ظہیرعباس نے اپنے ایک انٹرویو کے دوران کہا کہ وہ پاکستان میں کرکٹ کی بحالی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اور اس کے لیے وہ کرکٹ کونسل کے دیگر ممبران ممالک کو پاکستان کے دوروں پر قائل کرنے کی کوشش کریں گے جب کہ انہیں امید ہے کہ سری لنکا پاکستان کا دورہ کرے پر آمادہ ہوجائے گی۔
آئی سی سی کے صدر ظہیر عباس کا کہنا تھا کہ زمبابوے کا دورہ پاکستان ایک اچھی تبدیلی ہے تاہم صرف پاکستان میں ہی کرکٹ کیوں نہیں کھیلی جارہی، سری لنکا جب برے وقت سے گزررہا تھا تب پاکستان نے ہی وہاں کے دورے کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سری لنکا اور پاکستان کی ٹیمیں کھیل کے ہر شعبے میں متوازن ہیں لہذا مجھے امید ہے سری لنکن ٹیم ضرور پاکستان کا دورہ کرے گی اور دونوں ممالک کے درمیان سیریز سے بے حد خوشی ہوگی جب کہ وہ وقت بھی آئے گا جب ہمارے پڑوسی ممالک پاکستان کا دورہ کریں گے۔
واضح رہے 2009 میں سری لنکن ٹیم کی بس پر حملے کے بعد پاکستان میں 2015 تک کوئی انٹرنیشنل میچ نہیں ہوا تاہم 6 سال بعد مئی میں زمبابوے کی ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا اور اس دوران 2 ٹی ٹوئنٹی اور 3 ون ڈے میچز کھیل کر پاکستان میں کرکٹ کی رونقوں کا بحال کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours