ممبئی: بھارتی حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی نے بالی ووڈ سپراسٹارسلمان خان کی ٹوئٹ کے بعد کارحادثہ کیس میں ان کی ضمانت ختم کرنے کامطالبہ کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ کے دبنگ اسٹارسلمان خان کے ممبئی حملہ کیس کے الزام میں سزائے موت کے قیدی یعقوب میمن کی رہائی سے متعلق ٹویٹ نے بھارتی انتہا پسندوں کو آگ بگولہ کردیا ہے جب کہ حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے سلمان خان کے ٹوئٹ پیغام پر کارحادثہ کیس میں ان کی ضمانت ختم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنما آشش شیلر نے مہاراشٹرا کے گورنرکو سلمان خان کی ضمانت ختم کرنے کی درخواست بھی جمع کرادی۔ بی جے پی کے رہنما کا کہنا تھا کہ سلمان خان کی جانب سے یعقوب میمن کو رہا کرنے کی اپیل مجرم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے جب کہ مجرم کی حمایت پرسلمان خان کی ضمانت ختم کرنے کے لیے مہاراشٹرا کے گورنرکو کارروائی کے لئے درخواست کردی گئی ہے۔
دوسری جانب بی جے پی کے مشتعل کارکنوں نے سلمان خان کے گھرکے باہر شدید احتجاج کیا جس کے بعد حکومت نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے ان کے گھر کے باہراہلکاروں کی بڑی تعداد تعینات کردی۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ممبئی کی سیشن عدالت نے سپراسٹارسلمان خان کو کارحادثہ کیس میں مجرم قرار دیتے ہوئے 5 سال قید کی سزا سنائی تھی جسے ہائیکورٹ نے بعدازاں معطل کرتے ہوئے ضمانت پر رہا کردیا تھا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours