ماہرین نے عورتوں کے لیے زیادہ فارغ بیٹھنے کو خطرناک قرار دیا ہے،جن کا کہنا ہے کہ فرصت کے لمحات کو بیٹھ کر گزارنے والی عورتوں میں سرطان کا خطرہ زیادہ ہے ۔
امریکن کینسر سوسائٹی کے محققین نے عورتوں میں زیادہ دیر بیٹھنےکو کینسر کے شدید خطرے کے ساتھ منسلک کیا ہے، اور خبردار کیا ہے کہ زیادہ دیر تک بیٹھنے سے عورتوں میں ہڈیوں کے گودے کے سرطان، رحم کے سرطان اور چھاتی کے سرطان میں مبتلا ہونے کے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔
کینسر سوسائٹی کی نئی تحقیق 'کینسر ایپی ڈیمیولوجی ،بائیو مارکر اینڈ پریوینشن' نامی جریدے میں شائع ہوئی ہے، جس میں تفتیش کاروں کو پتا چلا کہ بیٹھنے سے کینسر کا خطرہ صرف خواتین میں تھا، جبکہ مردوں کے لیے یہ اضافی خطرہ نہیں تھا۔
ماہرین کا کہنا تھا کہ، گذشتہ چند دہائیوں میں لوگوں میں بیٹھ کر وقت گزارنے کا رجحان عام ہوا ہے جس کی ایک بڑی وجہ ٹیکنالوجی کی ترقی ہے، لوگوں نے اپنا زیادہ وقت کمپیوٹر ،ویڈیو گیمز اور ٹی وی کے سامنے بیٹھکر گزارنا شروع کر دیا ہے۔
نئے مطالعے میں تفتیش کاروں نے چند مخصوص قسم کے سرطان کےخطرے اور بیٹھنے کے اوقات کے درمیان پائے جانے والے تعلق کی جانچ پڑتال کی ہے۔
مطالعہ کی قیادت کرنے والی تفتیش کارالپھا پٹیل اور ان کی ٹیم نے ایک لاکھ چھیالیس ہزار مرد اور عورتوں کی صحت کی گرانی کی ہے۔ اس دوران اٹھارہ ہزار سے زائد مرد اور بارہ ہزار سے زائد عورتوں میں کینسر کی تشخیص ہوئی۔
نتائج کی وضاحت کرتے ہوئے ڈاکٹر پٹیل نے کہا کہ ہمیں مردوں میں بیٹھنے کے اوقات اور کینسر کےخطرے کےدرمیان کوئی تعلق نہیں ملا ہے، جب کہ زیادہ دیر بیٹھنے سے عورتوں میں کینسر کےخطرے میں دس فیصد اضافہ ظاہر ہوا ہے ۔
محقق پٹیل نے نتیجہ اخذ کیا کہ جسمانی سرگرمیوں، وزن اور بی ایم آئی جیسے عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئےجب عورتوں میں دیر تک بیٹھنے اور کینسر کےخطرے کے تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی، تو پتا چلا کہ بہت زیادہ لمبے وقت تک بیٹھنا عورتوں میں کینسر کےاعلی خطرے کے ساتھ منسلک تھا جبکہ یہ تعلق مردوں میں ظاہر نہیں ہوا ۔
انھوں نے کہا کہ عورتوں میں بیٹھنے کے طویل اوقات تمام اقسام کے کینسر کا باعث تھے۔ تاہم ان کا کہنا تھا کہ مردوں اور عورتوں کے درمیان اس تعلق کے فرق کو سمجھنے کے لیے مزید مطالعوں کی ضرورت پڑے گی ۔
امریکن کینسر سوسائٹی کی ہدایات میں لوگوں سے کم سے کم بیٹھنے کی سفارش کی ہے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours