گوجرانوالہ: پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 100 کامونکی کے ضمنی انتخاب میں غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار رانا اختر 49 ہزار سے زائد ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے۔
گوجرانوالہ میں پنجاب اسمبلی کے حلقے پی پی 100 کامونکی میں ضمنی انتخاب کے لئے ووٹنگ کا عمل صبح 8 بجے شروع ہوا جو بلا تعطل شام 5 بجے تک جاری رہا۔ غیرحتمی اور غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدواررانا اختر 49 ہزار 991 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئے جب کہ ان کے مدمقابل تحریک انصاف کے احسان وردک صرف 28 ہزار380 ووٹ حاصل کرسکے۔ غیر سرکاری اور غیرحتمی نتیجہ آنے کے بعد مسلم لیگ (ن) کے کارکن سڑکوں پر نکل آئے اور ڈھول کی تھاپ پر خوب رقص کرتے ہوئے مٹھائیاں تقسیم کیں۔
ووٹنگ کے دوران مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے کارکنان کئی پولنگ اسٹیشنز پرآمنے سامنے بھی آئے جب کہ کارکنان کی جانب سے گاڑیوں کی توڑ پھوڑ اور اسلحہ کی نمائش بھی کی گئی جب کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے حلقے میں 3 ہزار 300 پولیس اور رینجرز اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا جب کہ حلقے کے 57 پولنگ اسٹیشنز کو حساس جب کہ 13 کو انتہائی حساس قراردیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کی یہ نشست مسلم لیگ (ن) کے رانا شمشاد کے قتل ہونے کے بعد خالی ہوئی تھی جنہیں رواں برس مئی میں نامعلوم افراد نے قتل کردیا تھا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours