فرانس میں ایک لاکھ سے زائد افراد نے سعودی شاہ سلمان کی آمد پر مشہور ساحلی تفریحی مقام ’فرینچ رویرا‘ تک عوام کی رسائی پر پابندی کے خلاف پٹیشن پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی عرب کے شاہ سلمان تین ہفتے کی چھٹیاں منانے کے لیے فرانس کے مشہور ساحلی مقام ’فرینچ رویرا‘ پہنچے ہیں۔
فرانسیسی عوام کی جانب سے اس پٹیشن میں اصرار کیا گیا ہے کہ ’فرینچ رویرا‘ کا ساحل ہر خاص و عام کے لیے کھولا ہونا چاہیے۔
سعودی عرب کے شاہ سلمان کی آمد کی وجہ سے مقامی حکام نے فرینچ رویرا تک عوام کی رسائی پر پابندی عائد کر دی ہے جس پر کئی مقامی لوگ خاصے برہم ہیں۔
ساحلی قصبے ویلیرئس کے مقامی حکام کا کہنا تھا کہ انھوں نے عام لوگوں کے ساحل پر جانے پر یہ پابندی شاہ سلمان اور ان کے ساتھ آئے ہوئے اُن ایک ہزار افراد کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے لگائی ہے۔
سعودی شاہ اور تقریباً ایک ہزار افراد پر مشتمل اُن کے قافلہ کو لےکر سعودی ائیر لائن کے دو بوئنگ 747 جہاز سنیچر کو نیس ائیرپورٹ پر اترے ہیں۔
شاہ کے قریبی افراد اُن کے ساتھ ولا میں ہی قیام کریں گے جبکہ باقی سات سو افراد کانز کے ہوٹلوں میں رہیں گے۔
کانز کے ہوٹل ایسوسی ایشن کے صدر کا کہنا ہے کہ ’یہ مقامی معیشت اور ہوٹلوں کے لیے یقینی طور پر اچھی خبر ہے۔‘
دوسری جانب سعودی شاہ کے ولا کے قریب ساحلی علاقے کو بند کرنے پر مقامی سیاح بہت ناراض ہیں۔
پٹیشن میں کہا گیا ہے کہ ’ہم یہ یاد کروانا چاہتے ہیں کہ یہ ایک قدرتی جگہ ہے جو دیگر ساحل کی طرح عوام کی ملکیت ہے اور ہر رہائیشی، ملکی و غیر ملکی سیاح اس سے فائدہ اُٹھا سکتے ہیں یا یہاں سے گزر سکتے ہیں۔‘
’ہم نے ریاست سے کہا ہے کہ وہ اس بات کی ضمانت دے کہ قانون کے تحت تمام شہری برابر ہیں۔‘
ساحل پر عوام کی آمد پر پابندی کے علاوہ حکام نے ساحل سمندر پر سیمنٹ کی سِلیں بھی رکھیں ہیں تاکہ شاہ سلمان کو اپنی قیام گاہ سے ساحل تک جانے میں کسی قسم کی دقت کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ کئی لوگوں نے ریت پر سیمنٹ کی سِلیں بچھانے کی بھی مخالفت کی ہے۔
ساحلی قصبے ویلیرئس کے مئیر نے بھی فرانسیسی صدر کے نام لکھے گئے خط میں سرکاری زمین پر غیر قانونی تعمیراتی کام پر احتجاج کیا ہے۔
تاہم حکام کا کہنا ہے کہ سعودیوں نے ان سے وعدہ کیا ہے کہ وہ شاہ سلمان کی تعطیلات کے بعد اس لِفٹ کو توڑ دیں گے۔
علاقے کے کوسٹ گارڈ نے کہا ہے کہ شاہ سلمان اور ان کے قافلے کے قیام کے دوران کسی شخص کو ان کی قیام گاہ کے تین سو میٹر سے زیادہ قریب نہیں آنے دیا جائےگا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours