یونان کو ہنگامی قرضے دینے والے اداروں کے طور پر یورپی یونین اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے تکنیکی ماہرین اعلٰی یونانی حکام کے ساتھ نئے بیل آؤٹ پیکج کی حتمی تفصیلات سے متعلق مذاکرات کے لیے ایتھنز پہنچ گئے ہیں۔
نیوز ایجنسی اے ایف پی کی ایتھنز اور برسلز سے ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یورپی یونین کی طرف سے پیر ستائیس جولائی کے روز بتایا گیا کہ یونین اور آئی ایم ایف کے یہ مذاکراتی ماہرین آج ہی یونانی دارالحکومت پہنچے، جہاں اپنی آمد کے فوری بعد انہوں نے مالیاتی بحران کے شکار یونان کی حکومت کے ساتھ اپنی بات چیت شروع کر دی۔
اے ایف پی کے مطابق برسلز میں یورپی کمیشن کی خاتون ترجمان مینا آندریوا نے قبل از دوپہر ایک پریس کانفرنس میں کہا، ’’یونان کو قرض دینے والے اداروں کے نمائندے ایتھنز پہنچ چکے ہیں، اور انہوں نے فوری طور پر یونانی حکام کے ساتھ اپنی مکالمت بھی شروع کر دی ہے۔‘‘
دوسری طرف یونانی حکومت کے ذرائع سے ملنے والی رپورٹوں میں جو کچھ کہا گیا ہے، وہ اس امر کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ قرض دہندہ اداروں کو ایتھنز حکومت کے ساتھ مذاکرات میں ابھی بھی کس طرح کی مشکلات کا سامنا ہے۔
اے ایف پی کے مطابق، ’’قرض دہندہ اداروں کے تکنیکی ماہرین کی ٹیموں اور یونانی حکام کے ساتھ بات چیت کا آغاز کل منگل کے دن سے ہو گا، نہ کہ آج پیر سے۔‘‘ ان ماہرین کو کئی روز پہلے ہی مذاکرات کے لیے یونان پہنچنا تھا لیکن ان کی آمد کئی مختلف وجوہات کی بناء پر تاخیر کا شکار ہو گئی تھی۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours