سری لنکا کو چوتھے ون ڈے میں شکست دے کر پاکستان پہلے ہی پانچ میچوں کی سیریز اپنے نام کرچکا ہے اور اظہر علی الیون کی باڈی لینگوئج دیکھنے سے محسوس ہوتا ہے کہ اتوار کو ہمبنٹوٹا میں کھیلے جا رہے آخری اور پانچویں ون ڈے میں وہ اپنی کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھ سکیں گے۔
محمد حفیظ اور احمد شہزاد کی کامیاب بیٹنگ کی بدولت گرین شرٹس نے بدھ کو چوتھے مقابلے میں سری لنکا کا 257 رنز کا ہدف باآسانی حاصل کر کے سیریز میں 1-3 کی فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔
سری لنکن کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹیم کی خراب باؤلنگ کو ناکامی کی وجہ قرار دیا ۔
چوتھے ون ڈے میں انہوں نے سات باؤلرز سے حملہ کیا لیکن صرف تین گیند باز ہی پاکستانی بیٹنگ میں شگاف ڈال سکے جبکہ سٹار باؤلر لاستھ ملنگا بجھے بجھے نظر آئے۔
میچ کے بعد میتھیوز نے کہا ’ہمارے باؤلنگ اٹیک میں کوئی کاٹ نہیں ۔امید ہے ہم اسے درست کر لیں گے۔ ہمیں مثبت کرکٹ کھیلنے کی ضرورت ہے‘۔
دوسری جانب، سری لنکن بلے بازی نے سیریز کے تیسرے میچ کو چھوڑ کر باقی میچوں میں عندیہ دیا ہے کہ لیجنڈ مہیلا جے وردھنے اور کمار سنگا کارا کی غیر موجودگی میں اس میں کافی دم خم ہے۔
ادھر، مہمان ٹیم کیلئے بہت کچھ کلک ہوتا نظر آتا ہے کیونکہ ایک طرف جہاں نسبتاً ناتجربہ کار راحت علی، انور علی اور محمد عرفان ردھم میں آ رہے ہیں وہیں یاسر شاہ جیسے لیگ سپنرز مڈل اوورز میں حریف بلے بازوں کو باندھ کر رکھتے ہیں۔
ایک سال کیلئے باؤلنگ پابندی کے شکار آل راؤنڈر محمد حفیظ چار میچوں میں 59.00 کی اوسط سے 236 رنز کے ساتھ سیریز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے ہیں۔
احمد شہزاد، اظہر علی اور سینئر شعیب ملک بھی اب تک پاکستان کو کسی شرم ناک شکست سے بچائے ہوئے ہیں۔
2017 چیمپئنز ٹرافی کی کوالی فیکیشن کے حوالے سے یہ سیریز پاکستان کیلئے انتہائی اہم ہے۔ پاکستان 90.4 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ ویسٹ انڈیز سے دو پوائنٹس (88.4) اوپر ہے۔
پاکستان نے 2006 کے بعد پہلی مرتبہ سری لنکا میں ون ڈے سیریز اپنے نام کی۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours