کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم رہنما عامر خان کے خلاف درخواست کی سماعت 25 اگست تک ملتوی کردی ہے۔

دہشت گردوں کو پناہ دینے کے الزام میں ایم کیو ایم رہنما کو انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا۔ سماعت کے موقع پر عامر خان کے وکیل کا کہنا تھا کہ ان کے موکل حج پر پر جانا چاہتے ہیں لہٰذا اجازت دی جائے جس پر جج خالدہ یاسین کا کہنا تھا کہ دیگر مقدمات میں مصروفیت کی وجہ سے اس مقدمے میں پیش رفت نہیں ہو سکی لہذا آپ آئندہ سماعت کے موقع پر اپنی درخواست جمع کرائیں۔ عدالت نے کیس کی سماعت 25 اگست تک ملتوی کردی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ کراچی میں ایک جماعت کو نشانہ بنانے کے بجائے سب کے خلاف بلا تفریق آپریشن ہونا چاہئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کو دیوار سے نہ لگایا جائے اس سے مہاجروں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔

واضح رہے کہ ایم کیو ایم رہنما عامر خان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام عائد ہے اور اس کیس میں وہ ضمانت پر رہا ہیں۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours