لندن: انگلینڈ نے متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف سیریز کی تصدیق کر دی۔
انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ نے جمعرات کو تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ اکتوبر اور نومبر میں شیڈول سیریز میں تین ٹیسٹ، چار ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے جائیں گے۔
شیڈول کے مطابق، پہلا ٹیسٹ 17-13 اکتوبر ابو ظہبی، دوسرا مقابلہ پانچ دن بعد دبئی میں جبکہ آخری ٹیسٹ شارجہ میں 5-1 نومبر کو کھیلا جائے گا۔
ای سی بی کے چیف ایگزیکٹیو افسر ٹام ہریسن نے کہا انہیں اس سیریز کے شیڈول پر اتفاق کرنے پر خوشی ہو رہی ہے۔
’یو اے ای کے آخری دورے میں پاکستان نے ٹیسٹ سیریز اپنے نام کی تھی جبکہ ہم ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنے میں کامیاب رہے تھے۔ امید ہے کہ موسم خزاں کے اس دورے میں ہم برابر کا مقابلہ کریں گے‘۔
خیال رہے کہ پاکستان نے گزشتہ مہینے سری لنکا کو ٹیسٹ سیریز میں 1-2 سے شکست دے کر آئی سی سی درجہ بندی میں تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔
پاکستان کو سری لنکا کے خلاف پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز میں 1-3 کی فیصلہ کن برتری بھی حاصل ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے سربراہ شہر یار خان نے جمعرات کو ایک جاری بیان میں کہا ’سری لنکا میں فتوحات سے ثابت ہوتا ہے کہ ٹیم پاکستان اوپر اٹھ رہی ہے اور امید ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں بھی وہ اپنی اٹھان برقرار رکھے گی‘۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours