مائیکرو سوفٹ نیا آپریٹنگ سسٹم ’ونڈوز 10‘ بدھ کے روز لانچ کر رہا ہے۔ اس سسٹم کی کامیابی کی صورت میں ٹیکنالوجی کی دنیا کی یہ اہم کمپنی بالخصوص سمارٹ فونز اور ٹیبلٹس کے صارفین کا اعتماد بھی حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتی ہے۔
مائیکرو سوفٹ کمپنی اپنی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی اہم سوفٹ ویئر کو اپ گریڈ کی صورت میں مفت فراہم کرے گی۔ بتایا گیا ہے کہ ’ونڈوز سیون‘ اور ’ونڈوز ایٹ‘ کے صارفین ’ونڈوز ٹین‘ کو بغیر کسی ادائیگی کے ہی حاصل کر سکیں گے۔ کمپیوٹر کے سوفٹ ویئر پروگرام تیار کرنے والے عالمی شہرت کے حامل ادارے مائیکرو سوفٹ کے مطابق ’ونڈوز ٹین‘ کی تیاری میں اس بات کا خیال رکھا گیا ہے کہ بالخصوص سمارٹ فونز اور ٹیبلٹس کے صارفین اس سے استفادہ کر سکیں۔
اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں ایپلیکیشنز (Apps) کی تیاری کو خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ تاحال زیر استعمال ونڈوز آپریٹنگ سسٹم میں سمارٹ فونز اور ٹیبلٹس کے صارفین کو مطمئن نہیں کیا جا سکا ہے کیونکہ ان میں ایپلیکیشنز ڈاؤن لوڈ کرنے کی کوئی خاص سہولت موجود نہیں ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس نئے آپریٹنگ سسٹم کو طویل المدت بنیادوں پر استعمال کیا جا سکے گا، جس میں اپ ڈیٹ فراہم کیے جاتے رہیں گے۔
ٹیکنالوجی کی دنیا میں اہم تصور کی جانے والے فوریسٹر ریسرچ نامی ادارے سے وابستہ ماہر فرانک جیلٹ نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ مائیکرو سوفٹ کی کوشش ہے کہ وہ اپنے صارفین کے ساتھ ایک پائیدار رشتہ بنائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سوفٹ ویئر کا فری اپ لوڈ یہ یقین دہانی کرانے کے لیے کافی ہے کہ مائیکرو سوفٹ اپنے اس نئے آپریٹنگ سسٹم سے مطمئن ہے اور وہ زیادہ سے زیادہ صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرنا چاہتا ہے۔
یہ امر اہم ہے کہ مائیکرو سوفٹ اب بھی آپریٹنگ سسٹمز کے حوالے سے ایک اہم اور نمایاں کمپنی ہے تاہم اس ونڈوز سسٹم میں موجود ایپلیکیشنز موبائل فونز اور ٹیبلٹس کے صارفین کو اپنی طرف متوجہ کرنے میں زیادہ کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔ اس تناظر میں گوگل کا اینڈرائڈ سسٹم اور ایپل کا iOS مارکیٹ میں بہت زیادہ مقبول ہے۔
مائیکرو سوفٹ کے مطابق ’ونڈوز ٹین‘ 190 ممالک میں دستیاب ہو گا۔ ونڈوز سیون اور ونڈوز 8.1 استعمال کرنے والے صارفین اس نئے آپریٹنگ سسٹم کو مفت ڈاؤن لوڈ کر سکیں گے جبکہ کمپیوٹر بنانے والے اداروں کے لیے یہ سسٹم مفت نہیں ہوگا۔ یاد رہے کہ مائیکرو سوفٹ اپنے ریوینیو کا ایک بڑا حصہ کمپیوٹر بنانے والے اداروں سے ہی حاصل کرتا ہے۔
نیوز ایجنسی اے ایف پی نے بتایا ہے کہ انتیس جولائی کے بعد سے مارکیٹ میں فروخت کے لیے لائے جانے والے ایسے کمپیوٹرز اور ٹیبلٹس میں ’ونڈوز ٹین‘ پہلے سے ہی موجود ہو گا، جو مائیکرو سوفٹ سے مطابقت رکھتے ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ آپریٹنگ سسٹم ’ونڈوز ٹین‘ الگ سے فروخت کے لیے رواں برس کے اختتام میں مارکیٹ میں دستیاب ہو سکے گا۔
یاد رہے کہ ’ونڈوز ایٹ‘ 2013ء میں متعارف کرایا گیا تھا تاہم اسے مطلوبہ پذیرائی نہ مل سکی تھی، جس کے بعد مائیکرو سوفٹ نے ’ونڈوز نائن‘ متعارف کرائے بغیر ہی اپنی توانائی ’ونڈوز ٹین‘ کی تیاری پر مرکوز کر دی تھی۔ مائیکرو سوفٹ نے اپنے اس نئے آپریٹنگ سسٹم سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کر رکھی ہیں۔ اس کمپنی کا کہنا ہے کہ 2018ء تک یہ سسٹم ایک بلین ڈوائسز پر انسٹال کیا جا چکا ہو گا۔
یہ نیا آپریٹنگ سسٹم مائیکرو سوفٹ کے لیے انتہائی اہم تصور کیا جا رہا ہے کیونکہ جہاں ایک طرف سمارٹ فونز اور ٹیبلٹس کی مارکیٹ میں اضافہ ہو رہا ہے تو دوسری طرف ذاتی کمپیوٹرز کی مارکیٹ سکڑتی جا رہی ہے۔ ٹیکنالوجی کے ماہرین کے مطابق اگر مائیکرو سوفٹ اپنے اس نئے آپریٹنگ سسٹم میں موبائل ڈوائسز استعمال کرنے والے صارفین کو بھی مطمین کر لیتا ہے تو یہ ونڈوز آپریٹنگ سسٹمز کی دنیا میں ایک نیا تہلکہ ثابت ہوگا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours