یورو زون کے وزرائے خزانہ کے مطابق یونان کو نئے امدادی پیکیج پر مذاکرات اتوار کو قرض خواہوں کی شرائط پر منعقد ہونے والے ریفرینڈم سے پہلے نہیں ہو سکتے جبکہ یونانی وزیراعظم نے عوام سے ریفرینڈم میں شرائط کو مسترد کرنے کی اپیل کی ہے۔


بدھ کو یونانی وزیراعظم نے معمولی تبدیلیوں کے ساتھ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف ) سمیت ملک کے قرض خواہوں کی شرائط قبول کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی تاہم انھوں نے تقریر میں عوام سے اپیل کی ہے کہ ریفرینڈم میں عالمی قرض خواہوں کی شرائط کی نفی کریں۔


یونان کی جانب سے 30 جون کو عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی قسط ادا کرنے کی مہلت ختم ہونے سے کچھ لمحات پہلے یورو زون سے نئے بیل آؤٹ پیکیج کی درخواست کی گئی تھی۔


اس درخواست پر بدھ کو یورو زون کے وزرائے خزانہ کا ویڈیو کانفرنس کے ذریعے اجلاس ہوا اور اس میں طے کیا گیا کہ یونان کی درخواست پر فیصلہ وہاں اتوار کو منعقد ہونے والے ریفرینڈم کے بعد کیا جائے گا۔


دوسری جانب یونانی وزیراعظم ایلکسس تسیپراس نے سرکاری ٹی وی چینل پر عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتوار کو منعقد ہونے والے ریفرینڈم میں عالمی قرض خواہوں کی کفایت شعاری کی شرائط کی نفی کر کے ملک کی بات چیت میں پوزیشن مضبوط کریں۔


اس کے بعد انھو ں نے ایک انٹرویو میں کہا:’یورپ کے لیے یہ بہت ہی تاریک لمحات ہیں۔ انھوں نے ہمارے بینک بند کر دیے ہیں اور اس کا واحد کیا ہے؟ ہمیں بلیک میل کرنا، تاکہ ایک غیر مسحتکم حل کے لیے ہاں کا ووٹ حاصل کر سکیں، یہ یورپ کے لیے بہت برا ہے۔‘


انھوں نے مزید کہا کہ’ اتوار کو قرض دینے والوں کو یونان کی عوام کا واضح پیغام مل گیا، تو اب جب ان کے پاس کتنی بھی جلدی یہ پیغام پہنچے گا تو ان کے پاس جواب دینے کے لیے بہت کم وقت ہو گا۔‘


اس سے پہلے برطانوی اخبار فنانشل ٹائمز کو ملنے والے اُس خط کے مطابق جو یونانی وزیراعظم ایلکسس تسیپراس نے قرض خواہ اداروں کو لکھا ہے، یونانی حکومت نے وہ ساری شرائط ماننے پر آمادگی ظاہر کی ہے جو یورپی اور عالمی مالیاتی اداروں کے ساتھ مذاکرات میں تعطل پیدا ہونے سے پہلے عائد کی جا رہی تھیں۔


دوسری جانب یونان کی طرف سے شرائط قبول کرلینے کے امکان پر یورپی حصص بازاروں میں فوری تیزی دیکھنے میں آئی۔


سنیچر کے روز مذاکرات معطل ہونے کے بعد یونانی وزیراعظم نے انہی شرائط پر ملک میں آئندہ اتوار کو ریفرینڈم کرانے کا اعلان کردیا تھا اور وزیر خزانہ نے گذشتہ روز منگل کو ایک عوامی ریلی میں لوگوں سے اپیل کی تھی کہ وہ اِن شرائط کو مسترد کر دیں۔


منگل کو مشترکہ سکے یورو کے وزرائے خزانہ نے یونان کے لیے امدادی پیکیج کی مدت بڑھانے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد یونان آئی ایم ایف کو ایک 1.6 ارب یورو کا قرض واپس نہیں کر پایا تھا۔


یونان یورپ کا وہ پہلا ملک ہے جو آئی ایم ایف کو قرض کی ادائیگی سے قاصر رہا ہے۔


یونانی حکومت چاہتی ہے کہ یونانی جزائر کے لیے ویلیو ایڈڈ ٹیکس میں رعایت برقرار رکھی جائے اور ریٹائرمنٹ کی عمر کو فوری طور پر 67 برس تک بڑھانے کے بجائے اِس فیصلے کو اکتوبر تک ٹال دیا جائے۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours