اگر آپ کسی دوسرے ملک کا سفر کرتے ہیں تو آپ کے موبائل فون پر آنے جانے والی کالز کی قیمت کئی گنا تک بڑھ جاتی ہے۔ تاہم اب کوشش کی جا رہی ہے کہ یورپ بھر میں سفر کی صورت میں صارف کو کوئی رومنگ چارجز ادا نہ کرنا پڑیں۔

اس حوالے سے یورپی یونین نے اس 28 رکنی بلاک میں رومنگ چارجز کے خاتمے کے لیے ایک ابتدائی معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے۔ کل منگل 30 جون تک یورپی یونین کے صدر کے فرائض انجام دینے والے ملک لیٹویا کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے، ’’اس معاہدے کے مطابق جون 2017ء تک یورپی یونین میں رومنگ سرچارجز کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔‘‘

اس معاہدے کے پایہ تکمیل تک پہنچنے کے لیے ضروری ہے کہ یورپی پارلیمان اور یورپی یونین کی تمام رکن ریاستیں بھی اس کی توثیق کریں۔ بعض یورپی ریاستیں اس بات پر زور دے رہی ہیں کہ رومنگ چارجز کا خاتمہ دسمبر 2018ء میں کیا جائے۔

مشرقی یورپی ملکوں کو خدشہ ہے کہ ضروری اقدامات سے قبل اگر رومنگ چارجز کا خاتمہ کیا گیا تو موبائل فون سروسز فراہم کرنے والی کمپنیاں ملکی سطح پر کال چارجز میں اضافہ کر دیں گی۔ اسپین اور یونان جیسے ممالک، جہاں غیر ملکی سیاحوں کی بڑی تعداد ہر سال سفر کرتی ہے رومنگ چارجز کی مد میں کافی زیادہ مالی فائدہ حاصل کرتے رہے ہیں۔

رومنگ چارجز کے خاتمے کے لیے دو برس بعد کا ہدف طے کرنے پر صارفین کے حقوق کے لیے کام کرنے والے گروپوں نے خفگی کا اظہار کیا ہے جن کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کی رکن ریاستیں اپنے ملکی فون آپریٹرز کے مالی مفادات کا تحفظ کر رہی ہیں۔

تاہم ایک خوش آئند بات یہ بھی ہے کہ رومنگ چارجز کے مکمل خاتمے سے قبل اپریل 2016ء میں اس کی شرح میں کمی کر دی جائے گی اور ایک منٹ کی کال پر زیادہ سے زیادہ سرچارج 0.05 یورو یعنی صرف پانچ سینٹ تک کر دیا جائے گا۔ اسی طرح انٹرنیٹ کے استعمال کی صورت میں ایک میگا بائٹ ڈیٹا استعمال کرنے یا ایک ایس ایم ایس بھیجنے پر رومنگ سرچارج دو سینٹ تک محدود کر دیا جائے گا۔ یورپی کمیشن کے مطابق اس طرح رومنگ چارجز میں 75 فیصد تک کمی واقع ہو جائے گی۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours