امریکی شہر نیو یارک کی پولیس ایک ایسے مشتبہ ملزم کی تلاش میں ہے، جو بظاہر معذور ہونے کی وجہ سے ایک وہیل چیئر پر بیٹھا تھا لیکن اس نے نہ صرف ایک مقامی بینک کو لُوٹا بلکہ فرار ہونے میں بھی کامیاب رہا۔

نیو یارک سے نیوز ایجنسی روئٹرز کی بدھ یکم جولائی کو ملنے والی رپورٹوں کے مطابق یہ واقعہ پیر انتیس جون کے روز پیش آیا۔ پولیس کے بیان کے مطابق وہیل چیئر پر بیٹھا ہوا یہ مسلح شخص نیو یارک کے علاقے کوئنز میں سانتاندر Santander بینک کی ایک برانچ میں داخل ہوا۔

بینک کے سکیورٹی کیمروں کی فوٹیج کے مطابق یہ ملزم سہ پہر کے وقت اس بینک میں داخل ہوا۔ اس نے ایک تحریری پیغام کے ذریعے ایک کاؤنٹر پر کیشیئر کو آگاہ کیا کہ وہ مسلح ہے اور تمام نقدی اس کے حوالے کر دی جانی چاہیے۔

بینک کیشیئر نے خطرہ محسوس کرتے ہوئے خاموشی سے وہ سارا کیش ملزم کے حوالے کر دیا جو اس کے پاس موجود تھا۔ پولیس کے مطابق متعلقہ کیشیئر کے پاس اس وقت قریب 1200 ڈالر موجود تھے جن کے ساتھ ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ نیو یارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ملزم کی عمر بظاہر تیس برس کے لگ بھگ تھی۔ اس نے سرمئی رنگ کی عموماﹰ جوگنگ کے لیے استعمال ہونے والی ایک ایسی ’سوَیٹ شرٹ‘ پہن رکھی تھی، جو ہُوڈی hoodie کہلاتی ہے۔

اس بینک ڈکیتی کے بارے میں نیو یارک کے مقامی میڈیا نے لکھا ہے کہ ملزم نے کیشیئر سے نقدی لے کر جیب میں ڈالی اور اپنی وہیل چیئر کو دھکا لگاتا ہوا عمارت سے باہر نکل گیا جبکہ کسی نے دوڑ کر اس کا پیچھا کرنے کی کوشش نہیں کی۔

اخبار نیو یارک پوسٹ نے سکیورٹی کیمروں سے حاصل کردہ اس ملزم کی دو تصویروں کے ساتھ شائع کردہ اپنی رپورٹ میں لکھا ہے کہ ملزم نے واردات کے دوران کوئی آتشیں ہتھیار نہیں دکھایا تھا لیکن اس نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ پستول سے مسلح تھا اور اسی لیے کسی نے اسے روکنے کی کوشش نہیں کی۔

جریدے نیو یارک پوسٹ کے مطابق ملزم کیش لے کر وہیل چیئر پر ہی لیکن بہت تیزی سے فرار ہوا۔ اس واردات کی پولیس کو فوری اطلاع کر دی گئی تھی لیکن جب تک پولیس ہیلی کاپٹر کوئنز کے اس علاقے کی فضا میں پہنچے، تب تک یہ ’معذور ڈاکو‘ غائب ہو چکا تھا۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours