پاکستانی سینسر بورڈ نے بالی وڈ کے اداکاروں رتیش دیش مکھ اور پلکت سمراٹ کی آنے والی فلم ’بینگستان‘ کو پاکستان میں ریلیز کرنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے۔

اس فلم کے شریک پروڈدیوسر رتیش سدھواني نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ریلیز کی اجازت نہ ملنے کی تصدیق کی اور کہا کہ وہ اس بات سے خاصے مایوس ہوئے ہیں۔

رتیش نے بتایا، ’پاکستانی سینسر بورڈ نے صرف ٹریلر دیکھ کر یہ طے کر لیا کہ فلم پاکستان مخالف ہے اور مسلم مخالف بھی جبکہ یہ فلم اگر کسی کی مخالفت کر رہی ہے تو وہ ہے دہشت گردی۔‘

رتیش نے پاکستان کے متعلقہ وزارت سے گزارش کی ہے کہ وہ دوبارہ اس فلم کو دیکھیں اور پھر فیصلہ کریں۔

ان کا کہنا ہے کہ’ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان کی حکومت اور سینسر بورڈ یہ فلم دیکھیں۔‘

خیال رہے کہ ’بینگستان‘ 31 جولائی کو بھارت میں ریلیز کی جا رہی ہے۔

اس فلم کے ٹریلر میں اداکار رتیش دیش مکھ اور پلکت سمراٹ کو خودکش حملہ آوروں کے کردار میں دکھایا گیا ہے، جنہیں ’برین واش‘ کر کے ایک دوسرے ملک میں حملہ کرنے بھیج دیا جاتا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں سینسر بورڈ کی جانب سے ماضی میں بھی بھارتی فلموں کی نمائش پر پابندی لگائی جاتی رہی ہے۔

سنہ 2010 میں پاکستانی اداکار علی ظفر کی پہلی بھارتی فلم ’تیرے بن لادن‘ کو بھی پاکستانی سنیما گھروں میں نمائش کی اجازت نہیں ملی تھی۔

حال ہی میں پاکستانی سینسر بورڈ نے سلمان خان کی بلاک بسٹر فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ سے بھی چند مکالمے حذف کر کے اسے نمائش کی اجازت دی تھی۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours