گجرانوالہ: صوبہ پنجاب کے ڈسٹرکٹ گجرانوالہ میں ہیڈ چھنانواں کے قریب پل ٹوٹنے سے اسپیشل ٹرین کی 4 بوگیاں نہر میں جاگریں،جس کے نتیجے میں متعدد مسافر ڈوب گئے۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق جمعرات کو پنوعاقل سے راولپنڈی جانے والی ٹرین کو اُس وقت حادثہ پیش آیا جب ہیڈ چھناواں کے قریب ایک پل ٹوٹ گیا اور ٹرین کی چار بوگیاں نہر میں جاگریں۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کاموں کا آغاز کردیا گیا۔

پاک فوج کے جوان بھی جائے حادثہ پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے ڈوبنے والے متعدد افراد کو نہر سے نکالا۔

سرکاری حکام کے مطابق نہر میں گرنے والے تقریباً 80 افراد کو نکالا جاچکا ہے جبکہ زخمیوں کو کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) گجرانوالہ منتقل کردیا گیا۔

امدادی کارروائیوں کے لیے ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ پاکستان ریلوے کے حکم پر ٹیکنیکل، مکینیکل اور میڈیکل اسٹاف پر مشتمل ایک ریلیف ٹرین بھی لاہور سے روانہ کردی گئی جبکہ ریسکیو آپریشن میں 2 ہیلی کاپٹر بھی حصہ لے رہے ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ مذکورہ پل بوسیدہ ہوچکا تھا جبکہ حادثے کے بعد اس روٹ پر ریلوے ٹریفک معطل ہوگیا۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف نے گجرانوالہ میں ٹرین کو پیش آنے والے اس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ریسکیو کاموں کوتیز کرنے اور متاثرہ ٹریک کی فوری بحالی کے احکامات جاری کیے ہیں۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours