اسلام آباد : پاکستان نے ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو پیر کو طلب کرکے انڈین بارڈر سیکیورٹی فورسز (بی ایس ایف) کی جانب سے جموں و کشمیر کے نکیال سیکٹر (کوٹلی) میں حالیہ 'سیزفائر کی بلااشتعال خلاف ورزیوں' پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ہندوستانی حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کرائے اور اس کے نتائج پاکستان کے ساتھ شیئر کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اللہ نے بتایا " ہندوستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کو ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیاء و سارک نے دفتر خارجہ میں طلب کرکے پندرہ اور سولہ اگست کو انڈین فوجیوں کی جانب سے کوٹلی کے مقام پر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا"۔
انہوں نے کہا " ہندوستانی فائرنگ کے نتیجے میں تین شہری 55 سالہ شفیع خان، 56 سالہ شاہ پال خان اور سارہ خاتون ہلاک جبکہ پندرہ زخمی ہوگئے"۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ اپنے فوجیوں کو سیزفائر کا احترام کرنے کی ہدایت کرے اور ایل او سی پر امن کو برقرار رکھے۔
انہوں نے کہا " پاکستان نے گزشتہ دو ماہ کے دوران ہندوستان کی جانب سے ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری پر سیزفائر کی 70 خلاف ورزیوں پر شدید تحفظات اور دکھ کا اظہار کیا"۔
دوسری جانب دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیرون کے درمیان ملاقات 23 اور 24 اگست کو نئی دہلی میں شیڈول ہے۔


Post A Comment:
0 comments so far,add yours