آسٹریلیا اے کے کپتان عثمان خواجہ نے ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی سنجو سیمسن پر سہ ملکی سیریز کے فائنل کے دوران آسٹریلین کھلاڑیوں پر تھوکنے کا الزام عائد کیا ہے۔

جمعہ کو چنئی میں آسٹریلیا اور ہندوستان اے ٹیم کے درمیان ہونے والے فائنل میچ میں انڈیا نے میچ میں چار وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی تاہم آسٹریلین ٹیم کی جانب ان الزامات نے انڈین ٹیم کی فتح پر داغ لگا دیا۔

میچ کے بعد پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عثمان نے کہا کہ انہوں نے میچ کے دوران تین مرتبہ میری ٹیم کے کھلاڑیوں کے پاؤں پر تھوکا بلکہ جب وہ فیلڈ میں آ رہے تھے تب بھی انہوں نے ہمارے ایک کھلاڑی پر تھوکا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے امپائرز کو سمجھانے کی کوشش کی لیکن وہ نہیں سمجھے، میں نے صورتحال پر قابو پاتے ہوئے اپنے کھلاڑیوں کو ٹھنڈا کیا لیکن ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔

عثمان خواجہ نے کہا کہ اگر بلے باز زبان سے کچھ بات کرتا تو مجھے خوشی ہوتی، تلخ کلامی کوئی مسئلہ نہیں اور یہ کھیل کا حصہ ہے لیکن تھوکنا انتہائی غیر اخلاقی فعل ہے۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours