بھارت کی ٹاپ بیڈمنٹن کھلاڑی اور ورلڈ نمبر دو سائنا نہوال ورلڈ بیڈمنٹن چیمپئن شپ کے فائنل میں سپین کی کھلاڑی کیرولینا مارین سے ہار گئی ہیں۔

اس طرح انھیں انڈونیشیا کے دارالحکومت جکارتہ میں جاری خواتین کے سنگلز میں چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔

جبکہ سپین کی کیرولینا نے کامیابی کے ساتھ اپنے اعزاز کا دفاع کیا اور سونے کا تمغہ حاصل کیا۔

دوسری جانب مردوں کے فائنلز میں ملائشیا کے لی سی ڈبلیو اور چین کے چین لونگ کے درمیان مقابلہ جاری ہے۔

سپین کی کیرولینا مارین نے سائنا نہوال کو 16-21 اور 19-21 سے شکست دی۔

دوسرے گیم میں ایک وقت سائنا چھ کے مقابلے 12 پوائنٹس سے آگے تھیں لیکن پھر کیرولینا نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بازی پلٹ دی۔

خیال رہے کہ عالمی چیمپئن شپ میں یہ بھارت کا پانچواں تمغہ ہے۔

اس سے پہلے، پی وی سندھو نے سنہ 2013 اور 2014 میں اس ٹورنامنٹ میں کا کانسی کا تمغہ حاصل کیا تھا جبکہ سنہ 2011 میں جوالا گٹّا اور اشونی پونپپا کی جوڑی نے ڈبلز میں کانسی کا تمغہ جیتا تھا۔

اس سے قبل پرکاش پاڈوکون ورلڈ چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیتنے والے پہلے ہندوستانی بنے تھے۔

سیمی فائنل میں سائنا نے انڈونیشیا کی لنڈاونی فینیتری کو دو گیمز میں17-21، 17-21 سے شکست دی تھی۔

سائنا اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچنے والی ہندوستان کی پہلی کھلاڑی ہیں۔

دوسری طرف، دنیا کی پہلے نمبر کی کھلاڑی مارین نے جنوبی کوریا کی سنگ جی ہيوان کو 17-21، 21-15 اور 16-21 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

سائنا اور مارین کے درمیان اس سے پہلے چار بار مقابلہ ہو چکا ہے جس میں تین بار سائنا فتح یاب رہی تھیں۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours