اسلام آباد.......متحدہ کواستعفے واپس لینے پر قائل کرنے کے لیے مولانا فضل الرحمان نے پہلا مرحلہ کامیابی سے سر کرلیا ہے ، ایک طرف متحدہ کو غیر مشروط مذاکرا ت پر قائل کرلیا تو دوسری طرف حکومت کو آپریشن کراچی کی مانیٹرنگ کمیٹی بنانے پر راضی کرلیا ہے۔متحدہ قومی موومنٹ کو استعفے واپس لینے پر کیسے قائل کیا جائے اور استعفے منظور نہ ہونے کا کیا راستہ نکالا جائے ، حکومتی ذمہ داری ملنے کےبعد جے یو آئی ف کے امیر مولانا فضل الرحمان سرگرم ہوگئے ہیں۔ ایک طرف انہوں نے متحدہ کے قائد الطاف حسین کو ٹیلی فون کر کے غیر مشروط مذاکرات شروع کرنے پر قائل کرلیا ہے ، یہ مذاکرات ایک دو دن میں شروع ہوجائیں گے ، تو دوسری طرف وفاقی حکومت کو بھی اس بات پر قائل کرلیا ہے کہ کراچی میں رینجرز آپریشن کی نگرانی کے لیے ایک مانیٹرنگ کمیٹی بنائی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق مانیٹرنگ کمیٹی میں ریٹائرڈ ججز، اچھی شہرت کے ریٹائرڈ پولیس افسران، غیر جانبدارصحافی اور سول سوسائٹی کے ممبران شامل ہوں گے۔ ادھر جیو نیوز سے گفتگو میں متحدہ کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ وہ پارلیمنٹ میں واپسی کا معاملہ رابطہ کمیٹی کے سامنے رکھیں گے۔ ادھر اسپیکر قومی اسمبلی نے استعفوں کی تصدیق کے لیے متحدہ کے ہر رکن کو الگ الگ بلانے کا فیصلہ کیا ہے ، جبکہ قومی اسمبلی کا شعبہ قانون بھی انہیں ایک دو روز میں اس معاملے پر رائے دے گا۔
سبسکرائب کریں در:
تبصرے شائع کریں (Atom)


Post A Comment:
0 comments so far,add yours