اٹک ............شادی خان اٹک میں دھماکے کے بعد پولیس نے تفتیش کا آغاز کر دیا ہے ، علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ، جائے دھماکا سے دو خود کش حملہ آوروں کی لاشیں قبضے میں لے لی گئیں ۔ شجاع خانزادہ کو دہشتگردوں کے خلاف کارروائیوں پر دھمکیاں مل رہی تھیں ۔ اٹک کے علاقے شادی خان میں وزیر داخلہ پنجاب کرنل ریٹائرڈ شجاع خانزادہ کے ڈیرے پر دھماکا ہوا ، زور دار دھماکے سے وسیع رقبے پر موجود ڈیرے کی چھت گرگئی جس کے ملبے تلے درجنوں افراد دب گئے ۔ واقعہ کے فوری بعد پولیس نے فوری طور پر علاقے کو گھیرے میں لے لیا ، ذرائع کے مطابق پولیس نے دھماکے کی جگہ سے دو خودکش حملہ آوروں کی لاشیں قبضہ میں لے لیں ۔ ایک حملہ آور کی لاش شناخت کے قابل نہیں جبکہ دوسری لاش کی شناخت ممکن ہے ۔ ذرائع کے مطابق دونوں حملہ آور ممکنہ طور پر ایک ساتھ ڈیرے پر پہنچے تاہم تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ دھماکا ایک ہوا تھا یا دو دھماکے ہوئے تھے ۔ صوبائی وزیر کو دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کی وجہ سے دھمکیاں بھی مل رہی تھیں ۔ دہشت گردوں نے ٹیلی فون پر شجاع خانزادہ کو کہا تھا کہ آپ کو دیکھ لیں گے ۔ بہادر صوبائی وزیر نے 23 جون کو جوانمردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا دھمکیاں دینے والے دہشت گرد کون ہیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ۔ پنجاب اسمبلی کے باہر دھمکیوں کے باوجود شجاع خانزادہ نے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا تھا ۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours