تائیوان کے دارالحکومت تائپی کے نواح میں واقع فارموسا فن کوسٹ واٹر پارک میں آگ لگنے سے زخمی ہونے والے افراد کی تعداد 516 ہو گئی ہے۔ دوسری جانب تقریباً 200 سے زائد زخمیوں کو انتہائی نگہداشت کے وارڈز میں رکھا گیا ہے۔
بتایا گیا ہے کہ ان شدید زخمی افراد کے لیے اگلے چوبیس گھنٹے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ تائپی کے سینتیس مختلف ہسپتالوں میں بدستور داخل افراد کی تعداد 400 سے زائد بتائی گئی ہے۔ زخمیوں میں چار چینیوں کے ساتھ ساتھ دو دوسرے غیرملکی بھی شامل ہیں۔ آگ ہفتے کی رات تقریباً ساڑھے آٹھ بجے کے قریب بھڑکی۔ جس وقت آگ لگی، اُس وقت ایک ہزار کے قریب شائقین میوزک پر رقص کر رہے تھے اور اور اُن پر رنگین پاؤڈر سے اسپرے بھی کیا جا رہا تھا۔ مقامی حکومت کے ایک اہلکار لِن چیہہ یُو کے مطابق یہ طے نہیں کیا جا سکا کہ رنگین پاؤڈر کو آگ کسی وجہ سے لگی تھی۔
نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق عینی شاہدین نے بیان کیا ہے کہ جب آگ کے ایک گولے نے پورے ہجوم کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تو قیامت خیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ مختلف لوگوں نے اس منظر کی جو ویڈیوز بنائیں، اُن میں دکھایا گیا ہے کہ کیسے نوجوان لڑکے لڑکیاں ایک اسٹیج کے سامنے موسیقی پر رقص کر رہے تھے اور کیسے اِس ’کَلر پارٹی‘ یا رنگوں کے جشن کے دوران اُن پر سبز اور پیلے رنگ کا پاؤڈر سپرے کیا جا رہا تھا۔
اچانک ان نوجوانوں کی تفریح ایک دہشت میں بدل گئی، جب اس پاؤڈر نے آگ پکڑ لی اور پورا ہجوم اس آگ کی زَد میں آ گیا۔ تب لوگ چیختے چلاتے ہوئے اپنی جانیں بچانے کے لیے بھاگ کھڑے ہوئے۔
کئی لوگوں نے گرم موسم کی وجہ سے ہلکا پھلکا لباس ہی پہن رکھا تھا۔ بہت سے افراد کے جسم آگ کی وجہ سے جلے ہوئے نظر آ رہے تھے۔ ایک طالب علم نے کہا کہ یہ ایک ’جہنم‘ کا سا منظر تھا اور ہر طرف خون ہی خون نظر آ رہا تھا، حتیٰ کہ اُس تالاب میں بھی، جس میں لوگوں نے آگ سے بچنے کے لیے چھلانگیں لگائیں۔ اس طالب علم کی گرل فرینڈ کا کہنا تھا کہ اُس نے ایسے بہت سے لوگ دیکھے، جن کی جلد جل کر غائب ہو چکی تھی۔
یہ نوجوان تائیوان کے دارالحکومت تائی پے کے قریب ہی ’فارموسا فن کوسٹ واٹر پارک‘ میں ’کَلر پلے ایشیا‘ کے نام سے رقص و موسیقی کی ایک پارٹی منعقد کر رہے تھے۔ جب آگ لگی تو پہلے تو بہت سے لوگ یہی سمجھے کہ یہ آگ بھی شو کا ہی ایک حصہ ہے لیکن جب لوگوں نے چیخنا چلانا اور بھاگنا شروع کر دیا تو تب سب کو معلوم ہو گیا کہ کچھ گڑ بڑ ہے۔
بہت سے لوگوں کی حالت اس لیے بھی نازک ہے کہ نہ صرف اُن کی جلد جل گئی ہے بلکہ سانس کے ساتھ پاؤڈر اُن کے نظام تنفس میں بھی چلا گیا تھا اور وہاں شدید زخم آئے ہیں۔
واٹر پارک کی انتظامیہ کی جانب سے اس واقعے پر ’گہرے دکھ‘ کا اظہار کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ اس واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں مکمل تعاون کیا جائے گا۔ پارک کی خاتون جنرل مینیجر چَین ہوئی ژِنگ نے کہا کہ پارٹی کے تمام شرکاء کی انشورنس تھی تاہم اُنہوں نے انشورنس کی رقم کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔
’کَلر پلے ایشیا‘ کی جانب سے گزشتہ دو سال کے دوران تائیوان میں اسی طرح کی پارٹیاں منظم کی جاتی رہی ہیں لیکن اب تک اس طرح کا کوئی واقعہ رونما نہیں ہوا تھا۔ پولیس نے اس ایونٹ کے مینیجر سمیت پانچ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔
تائیوان کے وزیر اعظم ماؤ چی کُوعو نے اتوار کے روز اس پارک کا دورہ کیا اور احکامات جاری کیے کہ جب تک موزوں حفاظتی انتظامات کو یقینی نہیں بنایا جاتا، اس طرح کی پارٹیوں کے انعقاد پر پابندی لگا دی جائے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours