پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی کی ایلیٹ فورس کی کارروائی میں چار دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا گیا ہے۔


ضلع شیخوپورہ کی تحصیل فیروز والا کے ڈی ایس پی احسان کھوکھر نے بی بی سی کو بتایا کہ اتوار کی شب محکمہ انسدادِ دہشت گردی کی ایلیٹ فورس نے دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق خفیہ معلومات موصول ہونے پر رائل سٹی نامی ٹاؤن میں ایک گھر پر چھاپہ مارا۔


انھوں نے بتایا کہ ’وہاں موجود ایک خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا لیا جبکہ دیگر تین دہشت گرد پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ہلاک ہوئے۔‘


پولیس حکام کے مطابق ایلیٹ فورس کی اس کارروائی میں کوئی سکیورٹی اہلکار زخمی یا ہلاک نہیں ہوا۔


ڈی ایس پی احسان کھوکھر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ایلیٹ فورس کے اہلکار اب بھی علاقے میں سرچ آپریشن کر رہے ہیں اور فرانزک ٹیم بھی جائے وقوعہ پر موجود ہے۔


ادھر پاکستان کے سرکاری ٹی وی کے مطابق دہشت گردوں کے ٹھکانے پر مارے گئے چھاپے میں اسلحہ اور اہم مقامات کے نقشے بھی برآمد ہوئے ہیں۔


خیال رہے کہ حالیہ عرصے میں پنجاب پولیس نے کالعدم تنظیموں کے خلاف بھی کارروائیوں کا آغاز کیا ہے۔


رواں ماہ کے آغاز میں پنجاب پولیس نے غیر قانونی مذہبی تنظیم اہلسنت والجماعت کے مرکزی رہنما اورنگ زیب فاروقی کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کیا۔


اپریل میں بھی لاہور پولیس نے کالعدم تنظیم حزب التحریر کے صوبائی صدر کو پنجاب یونیورسٹی جا کر طلبہ کو جہاد کے لیےاکسانے کے جرم میں گرفتار کر نے کا دعویٰ کیا تھا۔


اسی عرصے میں پولیس حکام نے لاہور میں داروغہ والا کے علاقے میں ایک پولیس مقابلے میں سری لنکن ٹیم پر حملے اور ٹارگٹ کلنگ کے مختلف واقعات میں ملوث تین ملزمان کو ہلاک کرنے کا دعویٰ بھی کیا تھا۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours