کراچی: انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما عامر خان کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔


پیر کو ایم کیو ایم رہنما عامرخان کی درخواست ضمانت کی سماعت انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ہوئی۔


سماعت کے بعد عدالت نے ایم کیو ایم رہنما عامر خان کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کو 10 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا۔


عدالت نے عامر خان کو مقدمے کی پیروی کرنے کا حکم دیتے ہوئے ملک سے باہر جانے پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔




عامر خان کی درخواست ضمانت پر عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ اگر ایم کیو ایم کے رہنما عامر خان ملک سے باہر جانا ضروری ہو تو وہ پہلے عدالت میں درخواست جمع کروائیں گے اور اس کی منظوری کے بعد ہی ان کو ملک سے باہر جانے کی اجازت ہوگی۔


عامر خان کی ضمانت کے موقع پر ایم کیو ایم کے دیگر رہنما اور کارکن بھی موجود تھے۔


ضمانت کی منظوری کے بعد عامر خان نے عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ عدالت نے ضمانت منظور کرلی اور وہ ’کیس سے باعزت بری ہو جائیں گے‘۔


اُدھرانسداد دہشتگردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے کارکن شکیل عرف بابا کو نوے روز کے لئے رینجرز کے جبکہ حسن اختر کو سات روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا ہے۔




یاد رہے کہ سندھ رینجرز نے 4 ماہ قبل دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پر سرچ آپریشن کیا تھا۔


صبح سویرے رینجرز کی بھاری نفری نے ایم کیوایم کے مرکزنائن زیرو اور اطراف کے مکانوں پر چھاپہ مارا اور متحدہ کے رہنماؤں عامر خان، عبدالحسیب ، ڈاکٹر سلیم دانش، ارشد حسین، ڈاکٹرایوب شیخ اور رکن سندھ اسمبلی ریحان ظفر سمیت متعدد کارکنوں کوحراست میں لیا گیا تھا جن میں اکثر کو بعد ازاں چھوڑ دیا گیا تھا۔


رابطہ کیمٹی کے رکن عامر خان کو رینجرز اہلکار اپنے ہمراہ لے گئے تھے، عامر خان پر دہشت گردوں کو پناہ دینے کا الزام لگایا گیا۔


اس موقع پر ایم کیو ایم نے الزام لگایا ہے کہ مرکزی میڈیا سیل کا کارکن وقاص شاہ رینجرز کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے۔




رینجرز کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق نائن زیرو سے فیصل موٹا، عبید، نادرشاہ اور فرحان شبیر کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ سنگین نوعیت کے مقدمات میں مطلوب دیگر ملزمان بھی گرفتار کیے گیے ہیں۔


رینجرز ترجمان کے مطابق فیصل موٹا نجی ٹی وی کے رپورٹر ولی خان بابر کے قتل کیس کا مرکزی ملزم ہے۔


رینجرز نے ایم کیو ایم کے مرکز پر چھاپے کے دوران بھاری تعداد میں ںیٹو اسلحہ بھی برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours