کولمبو میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن سری لنکا نے پاکستان کو سات وکٹوں سے شکست دے کر سیریز کو ایک ایک سے برابر کر دیا ہے۔


پاکستان اور سری لنکا کے مابین کولمبو میں کھیلے جانے والے دوسرے ٹیسٹ میچ کے پانچویں دن سری لنکا کو میچ جیتنے کے لیے 153 رنز درکار تھے جو اس نے تین وکٹ کے نقصان پر بہ آسانی حاصل کر لیے۔


نسبتا آسان ہدف کے تعاقب میں اس کی دو وکٹیں لگاتار دو گیندوں پر گر گئیں تاہم کپتان اینجلو میتھیوز، اوپنر دیموکھ کرونارتنے اور تھیرامنے کی تیز رفتار بیٹنگ کی بدولت سری لنکا نے یہ ہدف صرف 26.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔


سری لنکا کی جانب سے اوپنر دیموکھ کرونارتنے نے 50 رنز بنائے اور انھیں یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو قرار دیا گیا۔ کپتان اینجلو میتھیوز نے 43 ناٹ آؤٹ رنز بنائے جبکہ ویتھانگا نے 34 رنز بنائے۔ لہیرو تھیرامنے 20 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔


سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان فاتح رہا تھا۔


پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے دو جبکہ ذولفقار بابر نے ایک وکٹ لی۔


چوتھے دن کا کھیل بارش کے باعث قبل از وقت ختم کر دیا گیا تھا۔


چوتھے دن کے کھیل کے آغاز ہوا تو پاکستان کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 329 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور سری لنکا کو چوتھے ٹیسٹ میں پاکستان نے سری لنکا کو جیتنے کے لیے 153 رنز کا قدرے آسان ہدف دیا۔


پاکستان کی اننگز ختم ہونے کے بعد کھیل میں وقفہ ہوا لیکن بارش کے باعث وقفے کے بعد کا میچ دوبارہ شروع نہ ہو سکا۔


پاکستان کی جانب سے اظہر علی اور یونس خان نے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا۔


دونوں بیٹسمینوں نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 73 رنز بنائے۔


234 رنز کے مجموعی سکور پر پاکستان کی چوتھی وکٹ اس وقت گری جب کپتان مصباح الحق صرف 22 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔


سری لنکا کو میچ کے چوتھے دن پہلی کامیابی اس وقت ملی جب پاکستان کی جانب سے اپنا 100 واں ٹیسٹ میچ کھیلے والے یونس خان دوسری اننگز میں 40 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئے۔


سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں دھمیکا پرساد نے چار، چمیرا نے تین اور اینجلو میتھیوز نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔


اس سے پہلے سری لنکا کی پوری ٹیم پاکستان کے 138 رنز کے جواب میں پہلی اننگز میں 315 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی تھی اور اسے پاکستان پر 177 رنز کی برتری حاصل ہوئی تھی۔


سری لنکا کی جانب سے پہلی اننگز میں کوشل سلوا نے 80 اور اینجلو میتھیوز نے 77 رنز بنائے۔


پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں یاسر شاہ نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کے چھ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔


دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن پوری ٹیم صرف 138 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی تھی۔


پاکستان کے سات کھلاڑیوں کا سکور دوہرے ہندسوں میں بھی نہیں پہنچ سکا تھا اور واحد قابلِ ذکر بلے باز محمد حفیظ تھے جنھوں نے 42 رنز بنائے۔


سری لنکا کی جانب سے اپنا دوسرا میچ کھیلنے والے آف سپنر تھرندو کوشل نے 42 رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کی تھیں۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours