بالی وڈ میں ایسا بہت کم ہی سننے کو ملتا ہے کہ کوئی اداکارہ اپنی ہی فلم کو ریلیز ہونے سے روکنے کی کوشش کرے۔
تاہم مسلسل ہٹ پہ ہٹ فلمیں دینے والی اداکارہ کنگنا رنوت ان دنوں کچھ ایسا ہی کر رہی ہیں۔
حال ہی میں کنگنا نے ٹی سیریز کو ایک قانونی نوٹس بھیجا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ ان کی ایک پرانی فلم کی نمائش پر پابندی لگا دی جائے۔
کنگنا ’آئی لو نیو ایئر‘ کے فلمسازوں سے ناراض ہیں جو ان کی ایک چھ سال پہلے بننے والی فلم ریلیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
کنگنا نہیں چاہتیں کہ یہ فلم اب ریلیز ہو۔
کنگنا کے وکیل رضوان صدیقي نے کہا ہے، ’یہ بہت ہی بدقسمتی کی بات ہے کہ میری موکلہ کو بتائے بغیر ہی ٹی سیریز نے طے کر لیا کہ فلم کو ریلیز کر دیا جائے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’یہ فلم ٹی سیریز نے چھ سال پہلے بنائی تھی جو کہ توقع کے مطابق نہیں بنی تھی۔ اب اس فلم کو ریلیز کرنا ظاہر کرتا ہے کہ کمپنی اب میری موکلہ کی کامیابی سے فائدہ اٹھانا چاہ رہی ہے۔‘
رضوان صدیقی کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’فلمساز کمپنی کی طرف سے میری موکلہ کو نہ کوئی معلومات دی گئیں اور نہ ہی فلم کی تشہیر کے لیے کہا گیا۔‘
قانونی نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اداکارہ کو اس فلم کے لیے ادائیگی نہیں کی گئی اور نہ ہی کبھی کسی طرح کا معاہدہ کیا گیا تھا۔
ٹی سیریز کے سربراہ بھوشن کمار کا کہنا ہے کہ فلم کی ریلیز پر ان کا کوئی کنٹرول نہیں اور وہ ڈیڑھ برس پہلے ہی فلم کے حقوق ایک تیسری کمپنی کو فروخت کر چکے ہیں۔
’آئی لو نیو ایئر‘ میں کنگنا کے ساتھ مرکزی کردار سنی دیول نے ادا کیا تھا اور فلمبندی کے چھ سال بعد آج کل اس کے پرومو اور گانے تمام چینلز پر دکھائی دے رہے ہیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours