مارول انٹرٹینمنٹ فلمز کو نیا اسپائیڈر مین مل گیا ہے، سونی اسٹوڈیو اور مارول اسٹوڈیوز نے منگل کو کہا ہے ایکشن کی دنیا پر راج کرنے والی فلم اسپائیڈر مین کی اگلی فلم میں ہیرو کےکردار کے لیے ایک برطانوی اداکار ٹام ہالینڈ کا انتخاب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ٹام ہالینڈ اسپائیڈر مین کی اگلی فلم میں سپر ہیرو کا کردار نبھائیں گے یہ فلم دو سال بعد 28 جولائی 2017 میں ریلیز کی جائے گی۔
مارول فلمز کے مطابق، اسپائیڈر مین کی نئی ایڈونچر فلم کے ہدایتکاری جان واٹس کا انتخاب کیا ہے۔
اسپائیڈر مین فلم سیریز اب تک ریلیز ہونے والی چھ فلموں میں پیٹر پارکر کا اہم کردار سب سے پہلے ٹونی میگوائر نے ادا کیا تھا ان کے بعد اس کردار میں اینڈریو گار فیلڈ نظر آئے تھے، لیکن اب اس شہرہ آفاق کردار کے لیے ٹام ہالینڈ کو منتخب کیا گیا ہے۔
توقع ظاہر کی گئی ہے کہ ٹام ہالینڈ معروف اداکاروں کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ایک بہترین متبادل سپر ہیرو ثابت ہوں۔
ٹام ہالینڈ کی عمر انیس سال ہے وہ لندن کے رہائشی ہیں، فلم کے ہیرو کی حیثیت سے وہ مرکزی کردار پیٹر پارکر اور اس کے ہمزاد اسپائیڈر مین کے کردار میں جلوہ گر ہوں گے، جبکہ ابھی فلم کے نام کا اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔
مارول فلمز کا کہنا ہے کہ انھوں نے ہالینڈ کے ٹی وی ڈراموں کے کرداروں سے متاثر ہو کر اسے نیا اسپائیڈر مین منتخب کیا ہے اگرچہ ہالینڈ شوبزنس کی دنیا میں زیادہ پرانے نہیں ہیں لیکن اصل شہرت انھیں 2012 میں ایک فلم 'دی امپاسیبل' سے ملی جس میں انھوں نے میں نومی واٹس کے بیٹے کا کردار ادا کیا تھا جبکہ حالیہ دنوں میں وہ ایک برطانوی ٹی وی سیریز 'ولف ہال' میں بھی نظر آئے ہیں ۔
سونی موشن پکچرز کے چیر مین ٹام روتھ مین نے ایک بیان میں کہا کہ ہم نے اس کردار کے لیے بہت لاجواب اداکاروں کا اسکرین ٹیسٹ لیا تھا لیکن ٹام کا اسکرین ٹیسٹ خصوصی تھا وہ ایک مکمل پیکچ ہے۔
فلم کے پروڈیوسر ایمی پاسکل نے ایک بیان میں کہا کہ ہمیں دنیا کے سب سے زیادہ معروف کرداروں میں سے ایک سپر ہیرو اسپائیڈر مین کے کردار کے لیے ایک متحرک اور باصلاحیت نوجوان اداکار کی تلاش تھی اور ٹام کی شکل میں ہم نے ایک مکمل اسپائیڈر مین کو تلاش کر لیا ہے۔
کامک کہانیوں سے ماخوذ ہیروز پر فلم بنانے والی کمپنی مارول اور سونی پکچرز فرنچائز کے ایک معاہدے کے تحت نئے اسپائیڈر مین کو پہلی بار مارول فلم میں پیش کیا جائے گا اور بعد میں مارول فلموں کے کردار مثلا تھور، آئرن مین اور کیپٹن امریکہ اسپائیڈر مین کی مزید آنے والی فلموں میں جلوہ گر ہو سکتے ہیں۔
توقع ہے کہ اگلے سال ریلیز ہونے والی کیپٹن امریکہ کی نئی فلم سول وار میں ٹام ہالینڈ کو پہلی بار نئے اسپائیڈر مین کے روپ میں متعارف کرایا جائے گا۔
تاہم اسپائیڈر مین کے کردار میں ٹام ہالینڈ کے انتخاب کی خبر نے بہت سے شائقین کو مایوس کیا ہے جنھوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ اسپائیڈر مین کے کردار کے لیے ٹام ہالینڈ بہت کم عمر ہیں۔
بہت سے لوگوں نے اس بات پر افسوس ظاہر کیا ہےکہ اسپائیڈر مین کےکردار میں اس بار بھی کسی سیاہ فام کا انتخاب نہیں کیا گیا ہے ۔
اسپائیڈر مین مارول کامک کا ایک مقبول ترین سپر ہیرو ہے اور گزشتہ 15برسوں کے دوران بہت سی کامیاب فلموں کا موضوع رہا ہے ۔
مصنف اسٹین لی اور مصور اسٹیو ڈیٹکو نے غیرحقیقی سپر ہیرو اسپائیڈر مین کا کردار تخلیق کیا تھا جو پہلی بار 1962 میں کامک بکس میں ظاہر ہوا تھا ۔
اسپائیڈر مین کی لائیو ایکشن فلم سیریز میں پیٹر پارکر کا اہم کردار ٹونی میگوائرنے ادا کیا ان کی فلمیں 2002 سے 2007 کے درمیان ریلیز ہوئیں جبکہ اینڈریو گارفیلڈ نےحالیہ فلم امیزنگ اسپائیڈر مین ٹو میں پیٹر پارکر کا کردار ادا کیا تھا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours