سندھ کے دارالحکومت کراچی میں رینجرز نے دو جھڑپوں میں دس مشتبہ دہشت گردوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے۔
رینجرز کی جانب سے جاری کیے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ چھ دہشت گرد سپر ہائی وے پر دو مقابلوں میں مارے گئے۔
بی بی سی اردو کے مطابق رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ منگل کی شب سپر ہائی وے پر کاٹھور کے علاقے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔
ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران ان ٹھکانوں میں موجود افراد نے رینجرز کے اہلکاروں پر فائرنگ کی اور گھیرا توڑنے کی کوشش کی
رینجرز کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں دو شدت پسندوں کو ہلاک کر دیا گیا جبکہ کچھ اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش کے دوران ایک اور مقابلہ ہوا جس میں مزید چار دہشت گرد ہلاک جبکہ دو رینجرز اہلکار زخمی ہوگئے۔
حکام کی جانب سے ہلاک شدگان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے تاہم رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کے قبضے سے سب مشین گن اور دیگر اسلحے کے علاوہ خودکش جیکٹ بھی برآمد ہوئی ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں رینجرز اور پولیس شہر کے مختلف علاقوں اور مضافات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شدت پسندوں اور کالعدم تنظیموں کے ارکان کے خلاف کارروائیاں کرتے رہے ہیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours