ایک آسٹریلوی خاتون کو اس وجہ سے ہسپتال جانا پڑ گیا کیونکہ اس نے چار دن سے ٹائٹ جینز پہنی ہوئی تھی۔ تنگ فِٹنگ کی وجہ سے اس کے پٹھوں میں تناؤ اور ٹانگوں میں سوجن آنے کے علاوہ اعصابی نظام متاثر ہو گیا تھا۔

آسٹریلیا کے رائل ایڈیلیڈ ہسپتال کے ڈاکٹر تھامس کیمبر کا کہنا تھا کہ ایسا دیکھ کر وہ خود حیران تھے۔ پینتیس سالہ خاتوں مریض کے پٹھوں اور اعصاب کو شدید نقصان پہنچا تھا۔ آسٹریلیا کے مشہور روزنامے ’سڈنی مارننگ ہیرالڈ‘ کے مطابق یہ خاتون اپنے اُس رشتہ دار کی مدد بھی کروا رہی تھی، جو ایک گھر سے دوسرے گھر منتقل ہو رہا تھا۔ لیکن اس پینتیس سالہ خاتون کے بیمار ہونے کی وجہ وہ ٹائٹ جینز بنی جو مسلسل حرکت اور اٹھنے بیٹھنے کے دوران اس نے پہن رکھی تھی۔

نیورولوجسٹ ڈاکٹر تھامس کیمبر کا کہنا تھا کہ وہ خاتوں ایک پارک کے راستے سے ہوتے ہوئے اپنے گھر واپس جا رہی تھی کہ یکدم اس کے پاؤں سُن ہو گئے اور وہ نیچے گر گئی۔ اس خاتون، جس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی، کا کہنا تھا کہ وہ محسوس کر رہی تھی کہ آہستہ آہستہ اس کی ٹانگیں سُوج رہی ہیں لیکن چلتے ہوئے ایک دم اسے پتہ ہی نہیں چلا اور وہ نیچے گر گئی۔

زمین پر گرنے کے بعد یہ خاتون دوبارہ اٹھ سکنے کے قابل نہیں تھی اور کئی گھنٹے اسی جگہ پڑی رہیں، یہاں تک کہ ہسپتال تک پہنچی۔ ڈاکٹر تھامس اور اس کے ساتھیوں کی طرف سے اس کیس کے بارے میں رپورٹ سوموار کے روز نیورولوجی کے ایک جرنل میں شائع کی گئی ہے۔

تنگ جینز کا طریقہء نقصان

ڈاکٹر تھامس کے مطابق وہ پہلے بھی بہت سے ایسے کیسز سے آگاہ ہیں کہ تنگ جینز پہننے کی وجہ سے کولہوں کے درمیان یعنی چڈے کے جگہ پائے جانے والے خلیوں اور اعصاب کو نقصان پہنچا ہے لیکن عصبی نظام کا متاثر ہو جانا انہوں نے پہلی مرتبہ دیکھا ہے۔ ان کا کہنا تھا تنگ یا ٹائٹ جینز پہننے کی وجہ سے ٹانگوں کے عصاب اور نسیں دب جاتی ہیں۔ اس وجہ سے پٹھوں کو خون کی سپلائی بھی کم ہو جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ زیادہ دیر تک تنگ جینز پہننے کہ وجہ سے یہ مسائل زیادہ بگڑ جاتے ہیں۔

بتایا گیا ہے کہ ہسپتال میں داخل ہوتے ہی خاتون کی جینز کاٹ کر اتار دی گئی تھی اور مسلسل چار روز کے علاج کے بعد اسے ہسپتال سے ڈسچارچ کیا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ اس کیس میں خاتون کی ٹانگوں میں کئی روز بعد تک بھی کمزوری رہی لیکن آہستہ آہستہ ان کے ٹانگیں مکمل طور پر ٹھیک ہو گئیں۔

ڈاکٹر تھامس کا ٹائٹ جینز کے نقصانات سے خبردار کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’میرے خیال سے جو جینز لچکدار نہیں ہوتیں، وہ زیادہ مسائل پیدا کر سکتی ہیں۔‘‘
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours