سری لنکا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز میں اب تک دو ٹیسٹ میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کرنے والے پاکستانی لیگ سپنر یاسر شاہ آئی سی سی کی درجہ بندی میں دس بہترین بولرز میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
2014 میں اپنے ٹیسٹ کریئر کا آغاز کرنے والے 29 سالہ یاسر شاہ نے ابھی تک صرف نو ٹیسٹ میچ ہی کھیلے ہیں تاہم انھوں نے ان میچوں میں 54 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
وہ سب سے کم ٹیسٹ میچوں میں 50 وکٹیں مکمل کرنے والے پاکستانی بولر بھی ہیں۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر صوابی سے تعلق رکھنے والے یاسر شاہ اس وقت آئی سی سی کے بہترین ٹیسٹ بولروں کی فہرست میں 750 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہیں۔
یہ ان کے کریئر کی بہترین ریٹنگ ہے اور وہ اس فہرست میں گال میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں شاندار کارکردگی کے بعد شامل ہوئے ہیں۔
اس ٹیسٹ میں یاسر شاہ نے اپنے کیریئر کی بہترین بولنگ کرتے ہوئے 90 رنز دے کر سات کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
انھوں نے کولمبو میں دوسرے ٹیسٹ میں بھی آٹھ وکٹیں لیں لیکن ٹیم کو فتح یاب نہ کروا سکے۔
یاسر نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ اکتوبر 2014 میں آسٹریلیا کے خلاف دبئی میں کھیلا تھا۔
اس ٹیسٹ میچ میں ان کی بولنگ دیکھ کر شہرۂ آفاق آسٹریلوی لیگ سپنر شین وارن نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ان کی صلاحیتوں کی زبردست تعریف کی تھی۔
یاسر ابتدائی دس ٹیسٹ بولروں میں شامل واحد پاکستانی ہیں اور یاسر کے بعد اس فہرست میں پاکستانی آف سپنر سعید اجمل کا نام ہے جو اس وقت 12ویں نمبر پر ہیں۔
خیال رہے سعید اجمل مشکوک بولنگ ایکشن کی وجہ سے چھ ماہ سے زیادہ عرصے تک انٹرنیشنل کرکٹ سے دور رہے اور ایکشن کے درستگی کے بعد بھی وہ پاکستان کے لیے کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلے ہیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours