تائیوان میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق چینی ادویات میں صدیوں سے استعمال کی جانے والی ایک کھمبی یا مشروم جانوروں کے وزن میں اضافہ روکنے میں مددگار ثابت ہوئی ہے۔
نیچر کمیونیکیشن نامی رسالے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق گانوڈرما لوسیڈم نامی کھمبی معدے میں موجود بیکٹیریا کو تبدل کر کے وزن میں کمی کی وجہ بنتی ہے۔
محققین نے امید ظاہر کی ہے کہ اس کھمبی کو مٹاپے کے علاج میں بھی استعمال کیا جا سکے گا۔
چینگ گنگ یونیورسٹی کے محققین کا کہنا ہے کہ مذکورہ کھمبی روایتی طور پر طویل عمر اور اچھی صحت کے لیے استعمال کی جاتی ہے۔
اس تحقیق کے دوران انھوں نے ایسے چوہوں پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا جنھیں زیادہ چکنائی والی خوراک کھلائی گئی تھی۔
اس جائزے میں یہ بات سامنے آئی کہ کھمبی استعمال کرنے والے چوہوں کے وزن میں دیگر چوہوں کے مقابلے میں سات گرام کم اضافہ ہوا۔
محققین نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ اس کھمبی کا ست مٹاپے کا شکار انسانوں میں ’پری بایوٹکس‘ کے طور پر وزن کم کرنے اور ٹائپ ٹو ذیابیطس کے معاملے میں انسولین کی مدافعت بڑھانے کے لیے کیا جا سکتا ہے۔
تاہم ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ انسانوں میں مٹاپے میں کمی کے لیے استعمال سے قبل اس بارے میں مزید تجربات کی ضرورت ہے۔
تائیوانی محققین نے اپنی تحقیق میں دکھایا کہ کھمبی کے استعمال سے چوہوں کے معدے میں موجود بیکٹیریا ’مائیکروبایومی‘ میں تبدیلی آئی جو خوراک کے ہضم ہونے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
آئرلینڈ کے کورک یونیورسٹی کالج سے تعلق رکھنے والے مائیکروبایولوجسٹ پروفیسر کولن ہل نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے لیے یہ خیال خوش کن ہے کہ یہ روایتی چینی ادویات واپس سائنس کا رخ کر رہی ہیں۔ روایتی ادویات کی طرف لوٹنے کا خیال ہی زبردست ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ ’مائیکروبایومی وزن میں اضافے یا کمی کے معاملے میں کلیدی کردار رکھتا ہے۔ یہ یقینی طور پر ہماری خوراک سے توانائی نکالنے کے عمل میں شامل ہوتا ہے۔‘
تاہم انھوں نے یہ بھی کہا کہ کھمبی کا ست کوئی جادوئی طاقت نہیں رکھتا اور اگر آپ اسے کوکاکولا کے ساتھ شامل کر کے پیئیں گے تو یقینا اس کا کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours