بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والے ستنام سنگھ امریکہ میں باسکٹ بال کے پروفیشنل مقابلوں این بی اے کے لیے منتخب ہونے والے ایسے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں جس کا جنم بھارت میں ہوا ہو۔

سات فٹ دو انچ قد والے 19 سالہ ستنام سنگھ کا تعلق بھارتی پنجاب کے ایک چھوٹے سے گاؤں بلوکی سے ہے۔

این بی اے کی ویب سائٹ کے مطابق ستنام کا انتخاب بارکلے سینٹر میں منعقدہ ڈرافٹ میں ہوا اور وہ چنندہ 60 کھلاڑیوں میں سے 52ویں نمبر پر رہے۔

انھیں ڈیلس میورکس نے اپنی ٹیم کے لیے منتخب کیا۔ یہ وہی کلب ہے جس نے سنہ 2001 میں پہلی بار ایک چینی کھلاڑی کو این بی اے میں کھلایا تھا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ستنام سنگھ این بی اے کی تاریخ میں گذشتہ ایک دہائی میں وہ پہلے کھلاڑی ہیں جن کا تعلق کسی امریکی کالج یا غیر ملکی کلب کی ٹیم سے نہیں۔

وہ پانچ برس قبل 14 سال کی عمر میں 28 دیگر بھارتی سٹوڈنٹ ایتھلیٹس کے ہمراہ ایک وظیفے پر امریکہ آئے تھے۔

امریکہ آمد کے بعد ستنام نے ریاست فلوریڈا میں واقع ایم جی اکیڈمی میں داخلہ لیا اور اسی اکیڈمی کی طرف سے باسکٹ بال کھیلتے رہے۔

وہ سنہ 2011 اور سنہ 2013 میں باسکٹ بال کے ایشیائی مقابلوں میں بھارت کی قومی ٹیم کا حصہ بھی رہ چکے ہیں۔

ستنام اگرچہ بھارت میں پیدا ہونے والے این بی اے کے پہلے کھلاڑی ہیں لیکن این بی اے میں شامل ہونے والے پہلے بھارتی نژاد کھلاڑی کا اعزاز ان کے پاس نہیں۔

یہ اعزاز تین ماہ قبل کینیڈا میں پیدا ہونے والے بھارتی نژاد کھلاڑی سم بھلڑ نے حاصل کیا تھا۔

سات فٹ پانچ انچ قد کے بھلڑ این بی اے سے معاہدہ کرنے والے اور لیگ کے کسی مقابلے میں شرکت کرنے والے پہلے بھارتی نژاد کھلاڑی ہیں۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours