پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور اپنے دور کے سٹائلش بیٹسمین ظہیر عباس نے باضابطہ طور پر آئی سی سی کے صدر کا عہدہ سنبھال لیا ہے۔
آئی سی سی کے باربیڈوس میں ہونے والے اجلاس میں انھوں نے یہ ذمہ داری سنبھالی اور وہ ایک سال کے لیے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے صدر بنے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے بورڈ کے سابق سربراہ نجم سیٹھی کی جانب سے نام واپس لیے جانے کے بعد ظہیرعباس کو اس عہدے کے لیے نامزد کیا تھا۔
ظہیر عباس دوسرے پاکستانی ہیں جو آئی سی سی کے صدر بنے ہیں۔
ان سے قبل احسان مانی آئی سی سی کے صدر رہ چکے ہیں تاہم احسان مانی ایک بااختیار صدر تھے جبکہ آئی سی سی کے موجودہ آئین کے تحت صدر کا عہدہ رسمی ہے اور تمام تر اختیارات چیئرمین کو حاصل ہیں۔
آئی سی سی نے بنگلہ دیش کے مصطفی کمال کے ساتھ پیش آنے والے تنازع کے بعد یہ فیصلہ کیا تھا کہ مستقبل میں آئی سی سی کا صدر سابق ٹیسٹ کرکٹر ہوگا۔
مصطفی کمال نے ورلڈ کپ کے دوران آئی سی سی سے اختلافات کے نتیجے میں اپنی مدت ختم ہونے سے چند ماہ پہلے ہی استعفی دے دیا تھا۔
ظہیر عباس نے 78 ٹیسٹ اور 62 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی ہے اور وہ فرسٹ کلاس کرکٹ میں سو سے زائد سنچریاں بنانے والے واحد ایشیائی بیٹسمین ہیں۔
وہ 1993 میں آئی سی سی کے میچ ریفری بھی رہ چکے ہیں جبکہ مختلف اوقات میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے بھی وابستہ رہتے ہوئے متعدد ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours