متحدہ قومی موومنٹ کے سربراہ الطاف حسین نے کہا ہے کہ غریبوں اورمتوسط طبقے کی واحد نمائندہ جماعت ایم کیوایم کو کچلنے اور ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن چاہے ظلم وجبرکا کیسا ہی ہتھکنڈہ کیوں نہ اختیار کیاجائے وہ سرنہیں جھکائیں گے۔
ایم کیوایم کے مرکز نائن زیرو پر رابطہ کمیٹی کے ارکان اور کارکنوں سے لندن سے ٹیلیفون پر خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہر دور میں محروم لوگوں کے حقوق کی بات کی لیکن انہیں تعصب کا نشانہ بنایاجارہاہے۔
انھوں نے کہا کہ اسی نفرت اورتعصب نے ملک کو دولخت کردیا لیکن اس سے کوئی سبق حاصل نہیں کیاگیا اور آج بھی اسی طرح کا تعصب برتاجارہا ہے۔
لندن میں گزشتہ کئی سالوں سے مقیم ایم کیو ایم کے سربراہ نے پچھلے دنوں وفاقی وزیر خواجہ آصف کے بیان پر قیادت چھوڑنے کا بھی اعلان کیا تھا، جو تاحال واپس نہیں لیا گیا۔
الطاف حسین کا کہنا تھا کہ ان کی جدوجہد کو کچلنے اور ایم کیوایم کوختم کرنے کے لیے ایم کیو ایم کے بدترین مخالفین نے ایک جانب تو ایم کیوایم کے خلاف منفی پروپیگنڈے کیے تو دوسری جانب سرکاری سرپرستی میں مہاجر آبادیوں پر حملے کرکے قتل عام کیاگیا۔
ایم کیو ایم کے اعلامیے کے مطابق الطاف حسین کا کہنا تھا کہ تمام ترریاستی مظالم اور الیکٹرانک اورپرنٹ میڈیا پر چلائی جانے والی مہم کے باوجود عوام کوایم کیوایم سے دور نہیں کیا جاسکا۔
اب پھرمیڈیا کے بعض لوگوں اور پاکستان کی دولت لوٹنے والوں کوساتھ مل کراس بات کی بھرپور کوشش کی جارہی ہے کہ کسی طریقے سے ایم کیوایم کونقصان پہنچایاجائے تا کہ وہ دوبارہ کھڑی نہ ہوسکے ۔
الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کے ارکان سے کہاکہ ایم کیوایم کے دشمن تنظیم کوختم کرنے کے درپے ہیں لیکن ان کا فیصلہ ہے کہ وہ کسی بھی قیمت پر اپنی جدوجہدسے دستبردارنہیں ہوں گے چاہے ان کی جان چلی جائے۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours