معروف زمانہ فلم ’ٹائٹینک‘ کے موسیقار جیمز ہورنر کا امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنگلوں میں ایک طیارے حادثے میں انتقال ہو گیا ہے۔
آسکر انعام یافتہ موسیقار جیمز ہورنر 61 سال کے تھے۔
اطلاعات کے مطابق وہ دو سیٹ اور ایک انجن والے طیارے پر تنہا سوار تھے جبکہ فیڈرل ایویئیشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق ایس -312 ٹیوکانو ایم کے 1 طیارہ تباہ ہوا ہے
خبررساں ادارے اے پی کے مطابق ان کا طیارہ پیر کی صبح ساڑھے نو بجے سینٹا باربرا کے شمال میں لوز پادرے نیشنل فورسٹ میں کوٹل کینین کے پاس حادثے کا شکار ہو گیا۔
جیمز ہورنر کے وکیل جے کوپر نے کہا کہ یہ طیارہ ان کے کئی طیاروں میں سے ایک تھا اور حادثے کے بات کسی سے ان کا کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔
کوپر نے کہا کہ ’یہ ان کا طیارہ تھا اور اگر وہ اس میں نہیں ہوتے تو انھیں رابطہ کیا ہوتا۔‘
دو بار آسکر انعام حاصل کرنے والے جیمز ہورنر نے جیمز کیمرون کی تین فلموں کے لیے موسیقی دی تھی۔ اس کے علاوہ انھوں نے ’اے بیوٹیفل مائنڈ‘، ’ٹرائے‘ اور ’اپولو 13‘ کے لیے بھی موسیقی دی تھی۔
انھیں ایک آسکر ’ٹائٹینک‘ کے نغمے اور دوسرا اس فلم کے تھیم گیت کے لیے دیا گیا تھا جبکہ 10 بار انھیں اکیڈمی ایوارڈز کے لیے نامزد کیا گیا تھا۔
بالی وڈ کے اداکار اور ہدایتکار رون ہووارڈ نے ٹویٹ کرتے ہوئے لکھا: ’شاندار کمپوزر جیمز ہورنر، سات فلموں میں ساتھ کام کرنے والے شریک کار اور دوست کی ایک طیارے حادثے میں موت ہو گئی ہے۔ میرے دل میں ان کے جگرپاروں کے لیے درد ہے۔‘
Post A Comment:
0 comments so far,add yours