دوشنبے: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی میں زراعت کی بہت اہمیت ہے اس لئے پانی کی دستیابی کے لیے خطے میں تعاون اور اعتماد سازی ہونی چاہیے۔
تاجکستان کے دارالحکومت دوشنبے میں ’’واٹر فار لائف‘‘ کے عنوان سے بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ غربت کے خاتمے اور خوراک و توانائی کے تحفظ کے لئے پانی انتہائی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان کی اقتصادی ترقی میں زراعت کی بہت اہمیت ہے، ماحولیاتی تبدیلیوں اور بڑھتی ہوئی آبادی سے دنیا کو درپیش چیلنجز میں اضافہ ہوا ہے، پانی ماحولیات کی بقا کے لیے اہم عنصر ہے، عالمی سطح پر پانی کی طلب میں اضافہ ہورہا ہے، اس کے موثر استعمال پر ہمیں اپنی توجہ مرکوز کرنا ہوگی۔ مستقبل میں پانی کی کمی کا تدارک ایک بڑا چیلنج ہے۔ پانی کے تحفظ کے اہداف کے حصول میں ’’واٹر فار لائف‘‘ کانفرنس مددگار ثابت ہوگی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نواز شریف تاجکستان کے ہم منصب قاہر رسول زادہ کی خصوصی دعوت پر دو روزہ دورے پر دوسنبے پہنچے ہیں، ان کے ہمراہ وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
Post A Comment:
0 comments so far,add yours