بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں فائرنگ کے ایک واقعے میں چار پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے۔
ہلاک ہونے والوں میں ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر بھی شامل ہے۔
سی سی پی او کوئٹہ عبد الرزاق چیمہ نے جائے وقوعہ پر میڈیا کو بتایا کہ پولیس کے چار اہلکار پشتون آباد کے علاقے میں معمول کےگشت پر تھے کہ اس دورن انھوں نے ایک موٹر سائیکل پر سوار دو افراد کو مشکوک جان کر ان کا پیچھا کیا۔
انھوں نے بتایا کہ کچھ فاصلے پر موٹر سائیکل سواروں کے دو اور مسلح ساتھی بھی موجود تھے جنھوں نے پیچھا کرنے والے پولیس اہلکاروں کی گاڑی پر فائرنگ کی جس سے اہلکار زخمی ہو گئے۔
عبد الرزاق چیمہ کا کہنا تھا کہ زخمی حالت میں بھی ایک پولیس اہلکار نے حملہ آوروں کو مارنے کی کوشش کی۔
سی سی پی کے مطابق ان اہلکاروں میں سے تین شدید زخمی ہونے کے باعث جائے وقوع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ چوتھے اہلکار نے ہسپتال پہنچنے سے پہلے راستے میں دم توڑ دیا۔
واقعے کے بعد پولیس اور قانون ناٖفذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد علاقے میں پہنچ گئی اور ملزمان کی تلاش کا سلسلہ شروع کر دیا گیا۔
خیال رہے کہ ایک ہفتے کے دوران پشتون آباد میں پولیس اہلکاروں پر حملے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔
اس سے قبل چھ جون کو پشتون آباد کے ملاسلام چوک پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بھی ایک سب انسپکٹر سمیت چار اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔
چھ جون کو پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد شہر میں فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے واقعات بھی رونما ہوئے تھے، جس کے بعد شہر میں ایک مرتبہ پھر ایک ہفتے کے لیے موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کے علاوہ مردوں کے نقاب اوڑھنے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours