برطانیہ کی ریڈ ڈیولز پیراشوٹ ٹیم کے ایک ہوا باز نے اپنے ساتھی کی مدد کر کے انھیں حادثے سے اس وقت بچا لیا جب ’فری فال‘ کے دوران ان کا پیراشوٹ نہیں کھل پایا۔

یہ واقعہ کمبریا میں وائٹ ہیون ایئر شو کے دوران پیش آیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر موجود تصاویر میں دونوں پیراشوٹرز کو فضا سے نیچے آنے کے بعد اکھٹے بندرگاہ کے قریب پانی میں گرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

وائٹ ہیون ایئر شو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بک پر پیغام میں لکھا کہ دونوں پیراشوٹرز خیریت سے ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ’ریڈ ڈیولز کے دونوں پیراشوٹرز بالکل ٹھیک ہیں، 25 سالہ عرصے میں ایسا پہلی بار ہوا ہے کہ کوئی پیرا شوٹ کھلنے میں ناکامی ہوئی۔‘

بتایا گیا ہے کہ ریڈ ڈیولز ٹیم کے ایک رکن نے اپنے ساتھی کو پکڑا اور کوئین ڈاک تک پہنچایا۔

انھوں نے بحریہ کی وائٹ ہیون ٹیم کا شکریہ بھی ادا کیا جنھوں نے بروقت دونوں پیراشوٹرز کو پانی سے باہر نکالا۔

اس ایئر شو کو دیکھنے والے شائقین میں سے ایک لوسی مائلن نے پیرا شوٹ نہ کھلنے کے بعد کے مناظر کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ ’ایسا لگتا تھا کہ یہ طویل وقت کے لیے ہوتا رہا،اردگرد ہر کوئی خوف زدہ تھا، اور یہ دہشت پیراشوٹرز میں بھی دکھائی دے رہی تھی۔‘

انھوں نے بتایا کہ پھر اچانک وہ تیزی سے نیچے کی جانب آنے لگے اور اس وقت یہاں موجود ہر شخص کا سانس رک رہا تھا اور پھر اچانک وہ پانی میں۔‘

لوسی مائلن نے مزید بتایا کہ اس کے بعد ہر ایک کی نگاہیں پانی پر مرکوز تھیں اور ایک لمبے انتظار کے بعد وہ دونوں باہر نکلے اور پھر سب نے ان کے لیے تالیاں بجائیں۔

ریڈ ڈیولز کی بنیاد 1963 میں رکھی گئی تھی اور یہ گذشتہ 60 سال سے سالانہ ایئر شو کا انعقاد کرتا ہے۔

ادارے کی ویب سائٹ کے مطابق اس کی پیراشوٹ ریجمنٹ میں کل 12 حاضر سروس سپاہی شامل ہوتے ہیں۔ یہ تین بٹالینز پر مشتمل ہوتی ہے اور ہر رکن کے پاس کم ازکم تین سال کا تجربہ ہوتا ہے۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours