پاکستانی ہاکی ٹیم کے ہیڈ کوچ شہناز شیخ کا کہنا ہے کہ اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کے اگلے میچوں میں پاکستانی فارورڈز کو گول کرنے ہوں گے کیونکہ پہلے میچ میں انھوں نے گول کرنے کے متعدد یقینی مواقع ضائع کیے۔
پاکستانی ہاکی ٹیم نے بیلجیئم کے شہر اینٹورپ میں جاری ورلڈ ہاکی لیگ کے پہلے میچ میں پولینڈ کو ایک کے مقابلے میں دو گولوں سے شکست دی ہے اور اب وہ اپنا دوسرا میچ بدھ کے روز آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گی۔
پاکستان کے پول میں بھارت اور فرانس بھی شامل ہیں۔
اس ہاکی لیگ کو اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کا درجہ حاصل ہے۔
شہناز شیخ نے اینٹورپ سے بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے پہلے میچ میں جارحانہ ہاکی کھیلی جس کا نتیجہ چھ پنلٹی کارنروں کی صورت میں سامنے آیا، جن میں سے دو پر گول بھی ہوئے، لیکن پاکستانی فارورڈز نے گول کرنے کے مواقع ضائع بھی کیے جس پر قابو پانا ہو گا۔
شہناز شیخ نے کہا کہ آسٹریلیا عالمی نمبر ایک ٹیم ہے جس نے پہلے میچ میں فرانس کو دس گول سے شکست دی ہے، لیکن پاکستانی ٹیم میں اتنی صلاحیت موجود ہے کہ وہ عالمی نمبر ایک ٹیم کا سخت مقابلہ کر سکے۔ پاکستانی ٹیم کو پہلا میچ جیت کر اعتماد ملا ہے اور انھیں یقین ہے کہ کھلاڑی اپنی پوری صلاحیت کے مطابق کھیلیں گے۔
انھوں نے کھلاڑیوں کو آسٹریلوی ٹیم کی کمزوریاں بھی ویڈیو کی مدد سے بتائی ہیں اور ان سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی جائے گی۔
شہناز شیخ نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کے اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے امکانات خاصے روشن ہیں۔ اولمپکس میں 12 ٹیموں نےحصہ لینا ہے جن میں برازیل میزبان کی حیثیت سے کھیلے گا۔ پانچ کانٹی نینٹل چیمپئن ٹیمیں ہوں گی جبکہ چھ کوالیفائر ہوں گی۔
ظاہر ہے اگر کوئی کانٹی نینٹل ٹیم کسی کوالیفائنگ راؤنڈ سے کوالیفائی کرے گی تو اسے دو میں سے ایک جگہ چھوڑنی ہو گی اور وہ جگہ کسی دوسری ٹیم کو مل جائے گی۔
شہنازشیخ نے کہا کہ بیلجیئم کے اس ٹورنامنٹ میں پانچویں نمبر تک آنے والی ٹیم کے اولمپکس میں کوالیفائی کرنے کے امکانات روشن ہوں گے۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours