جرمنی کے نازی آمر ایڈولف ہٹلر کی تخلیق کی ہوئی کچھ تصویریں اور واٹر کلر پینٹنگز ایک نیلامی میں چار لاکھ یورو میں فروخت ہوئی ہیں۔

بویریا کے نیوشوان سٹائن قلعے کی پینٹنگ سنیچر کو ہونے والے نیلام میں سب سے زیادہ قیمت پر فروخت ہوئی۔ اِسے ایک چینی گاہک نے ایک لاکھ یورو میں خریدا۔

’اے سٹل لائف آف کارنیشنز‘ نامی تصویر، جس پر ہٹلر کے دستخط بھی ہیں، نیورمبرگ کے نیلام میں 72 ہزار یورو میں فروخت کی گئی۔

نیورمبرگ کے ویڈلر نیلام گھر نے گذشتہ برس ہٹلر کی ایک واٹر کلر پینٹنگ سوا لاکھ یورو سے زیادہ میں فروخت کی تھی۔ نیلام گھر کے مطابق نیلامی میں حصہ لینے والوں میں جرمنی، فرانس، متحدہ عرب امارات اور برازیل سے سرمایہ کار شامل تھے۔

ہٹلر کو معمولی مصور سمجھا جاتا ہے لیکن نیلام میں اُن کے بنائے ہوئے فن پارے بڑی بھاری قیمت پر فروخت ہوتے ہیں۔

جرمن قانون کے مطابق ہٹلر کی بنائی ہوئی تصاویر صرف اِسی صورت میں فروخت کی جا سکتی ہیں جب اُن میں کوئی نازی علامت نہ ہو۔ ماہرین کے مطابق ہٹلر کی بہت سی جعلی تصاویر بھی گردش میں ہیں جن میں سے زیادہ تر پر ’اے ہٹلر‘ کے نام سے دستخط موجود ہیں۔

ہٹلر نے بیسویں صدی کے آغاز پر ویانا کی اکیڈمی آف آرٹس میں دو مرتبہ داخلے کی درخواست دی تھی جو دونوں مرتبہ رد کر دی گئی تھی۔

بعد میں ایڈولف ہٹلر جرمنی کا فوجی اور سیاسی رہنما بنے اور انھوں نے دوسری جنگ عظیم چھیڑی جس میں کروڑوں افراد مارے گئے۔
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours