شٹراؤبِنگ Straubing جنوبی جرمن صوبے باویریا کا ایک چھوٹا سا شہر ہے، جہاں سے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی اتوار اکیس جون کو ملنے والی رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ ایک مقامی خاندان کے ارکان 2014ء میں اپنی سالانہ چھٹیوں کے لیے کروشیا کے ایک مشہور ساحلی علاقے میں گئے تھے۔

اس جرمن شہر کی پولیس کے اتوار کے روز جاری کردہ ایک بیان کے مطابق گزشتہ برس اپنی ان تعطیلات کے دوران اس خاندان کے ارکان ساحل سے ’چھٹیوں کے یادگار تحفے‘ کے طور پر ایک ایسا پتھر بھی ساتھ لائے تھے جو دیکھنے میں بہت بڑے انڈے کی طرح گول اور کافی دلکش تھا۔

کل ہفتے کے روز گھر کی صفائی کے دوران جب ایک خاتون اس پتھر پر پڑی مٹی صاف کرنے کی کوشش کر رہی تھی تو یہ پتھر اس کے ہاتھ سے گر پڑا۔ زمین پر گرتے ہی اس پتھر کی بیرونی سطح چٹخ کر ٹوٹ گئی اور پتہ یہ چلا کہ جو پتھر ساحلی سیاحت سے یادگار کے طور پر ساتھ لایا گیا تھا، وہ دراصل ایک دستی بم تھا۔

اس پر اہل خانہ نے فوراﹰ پولیس کو فون کر دیا، جو چند بم ڈسپوزل ماہرین کے ساتھ موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے بلاتاخیر وہ مکان پانچ قریبی گھروں سمیت خالی کرا لیا جہاں یہ دستی بم فرش پر گرا پڑا تھا۔ پھر بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ماہرین اس دستی بم کو اس گھر سے باہر لے گئے اور قریب ایک کلو میٹر دور کھلی جگہ پر ایک ’محفوظ دھماکا‘ کر کے اسے تلف کر دیا گیا۔



دیگر رپورٹوں کے مطابق اس ’خوبصورت پتھر‘ کے دھماکے کے ساتھ تلف کر دیے جانے کے بعد جب پولیس نے متعلقہ خاندان اور اس کے ہمسایوں کو واپس ان کے گھروں میں جانے کی اجازت دی تو ایک اہلکار نے اہل خانہ کو مشورہ دیتے ہوئے کہا، ’’اگلی بار ساحلی تعطیلات سے کوئی دستی بم ساتھ نہ لائیے گا۔‘‘
Share To:

S Farooq

Post A Comment:

0 comments so far,add yours